پی ٹی آئی نے اتوار کو خیبرپختونخوا (کے پی) کے صوبائی دارالحکومت میں عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے ریلی نکالی۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب، نائب صدر شیر افضل مروت، فیصل جاوید، اعظم سواتی، ضلعی صدر شیر علی ارباب، سمیت ہزاروں پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے پشاور پریس کلب سے پشاور ہائی کورٹ کی عمارت تک مارچ کیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف درج تمام مقدمات من گھڑت ہیں، انہیں غلط ٹرائل کے بعد سزا سنائی گئی۔
عید الفطر کے بعد عمران خان کی رہائی مہم چلانے کا اعلان
انہوں نے عید الفطر کے بعد عمران خان کی آزادی کے لیے اپنی مہم کو تیز کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی حکومت کے زبردستی اقدامات کے خلاف سخت مزاحمت کرے گی اور انقلاب برپا کرے گی۔
مقررین نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ان چھ ججوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے گزشتہ ہفتے عدالتی مقدمات پر اثرانداز ہونے کے لیے ریاستی اداروں کی جانب سے مبینہ طور پر استعمال کیے جانے والے زبردستی ہتھکنڈوں سے پردہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ ان ججوں نے مثالی جرات کا مظاہرہ کیا ہے اور سچائی سے پردہ اٹھایا ہے۔