حال ہی میں بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی 59 ویں سالگرہ پر اعلان کیا کہ وہ سگریٹ نوشی چھوڑ چکے ہیں۔ ایک ایسی عادت جسے ترک کرنا ان کے لیے نہایت مشکل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ صحت کی بہتری اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کی نیت سے کیا گیا ہے۔ ان کے اس قدم کے بعد سگریٹ چھوڑنے کے فوائد اور اس سے جڑی جسمانی تبدیلیاں موضوع بحث بنی ہوئی ہیں۔
سگریٹ نوشی ترک کرنے کے فوری فوائد
1. خون کی روانی میں بہتری: سگریٹ چھوڑتے ہی جسم میں خون کا دورانیہ بہتر ہونا شروع ہوتا ہے جس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
2. کاربن مونو آکسائیڈ کا خاتمہ: کاربن مونو آکسائیڈ ایک زہریلی گیس ہے جو سگریٹ کے دھویں میں شامل ہوتی ہے۔ سگریٹ چھوڑنے کے بعد اس گیس کی سطح کم ہو جاتی ہے جس سے سانس لینے میں آسانی ہوتی ہے۔
3. سانس کی بہتری: شاہ رخ خان نے اعتراف کیا کہ وہ اب بھی سانس لینے میں دشواری محسوس کرتے ہیں، لیکن عموماً سگریٹ چھوڑنے کے چند ماہ بعد سانس کی حالت میں نمایاں بہتری آنے لگتی ہے۔
لمبے عرصے کے فوائد
1. پھیپھڑوں کی کارکردگی میں اضافہ: سگریٹ چھوڑنے کے بعد پھیپھڑے دوبارہ صحت مند ہونا شروع ہو جاتے ہیں، جس سے پھیپھڑوں کے سرطان کے خطرے میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔
2. دل کی بیماریوں کا کم ہونا: سگریٹ نوشی ترک کرنے سے دل کی بیماریوں کا خطرہ آہستہ آہستہ کم ہوتا ہے، کیونکہ نکوٹین اور دیگر زہریلے مادے خون کی نالیوں پر دباؤ ڈالتے ہیں۔
3. جلد کی رنگت اور شادابی: سگریٹ چھوڑنے کے بعد جلد کی رنگت میں بہتری آتی ہے اور جلد میں تازگی لوٹ آتی ہے۔
سگریٹ کیسے چھوڑیں؟
1. منصوبہ بنائیں: سگریٹ چھوڑنے کے لیے ایک خاص دن کا تعین کریں اور اس دن سے سگریٹ چھوڑنے کا عزم کریں۔
2. دوستوں اور فیملی کی مدد لیں: سگریٹ چھوڑنا ایک مشکل عمل ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے اپنے قریب لوگوں سے مدد مانگیں جو آپ کی حوصلہ افزائی کریں۔
3. صحت مند عادتیں اپنائیں: جب سگریٹ پینے کا دل چاہے تو اس کی بجائے صحت مند سرگرمیاں اپنانا، مثلاً ورزش کرنا یا سبزیوں اور پھلوں کا استعمال مفید ثابت ہو سکتا ہے۔