پاکستان کی جانب سے بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا گیا ہے جس کی وجہ ان کی خدمات اور حق خود داریت کی کوششوں میں ان کی دی گئی قربانیاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جشن آزادی پاکستان کے موقع پر پاکستانی صدر عارف علوی کی جانب سے ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ایک پروقار تقریب کے دوران حریت رہنما سید علی گیلانی کو سول ایوارڈ نشان پاکستان دیا گیا۔
یہ سول ایوارڈ کا اعزاز سید علی گیلانی کی جانب سے آزاد کشمیر کے حریت رہنماؤں نے وصول کیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے یوم آزادی کے اس خوشگوار موقع پر مزید 184 شخصیات کو پاکستان سول ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں مشہور شخصیات مذہبی سکالر طارق جمیل صاحب، مرحوم صادقین، احمد فراز، عابدہ پروین، طلعت حسین ، نعیم بخاری، علی بابا کے جیک ما، سکینہ سموں، علی ظفر اور ہمایوں سعید شامل ہیں۔ ان تمام شخصیات کو سول ایوارڈز اگلے سال 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر دئیے جائیں گے۔
پروفیسر شاکر علی، صادقین نقوی، عابدہ پروین اور احمد فراز سمیت دیگر کچھ اہم شخصیات کو نشان امتیاز جبکہ ڈاکٹر انوار الحسن گیلانی اور ڈاکٹر آصف محمود جاہ کو نشان ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ دو غیر ملکی شخصیات کوریا کے کیوجیونگ لی اور کینیڈا کی سلما عطاء اللہ جان کو ستارہ ہاکستان سے نوازا جائے گا نیز علی بابا کے جیک ما کو ہلال قائد اعظم سے نوازا جائے گا۔
اس کے علاوہ ملک کی دیگر 24 مشہور شخصیات کو ستارہ شجاعت جبکہ 27 شخصیات کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔