سویڈن اور ناروے میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعاتکے خلاف پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے اپنے جاری مذمتی بیان میں کہا ہے کہ اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کسی بھی مذہب کے حق میں نہیں ہیں بلکہ تمام مذاہب کی روح کے خلاف ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ آپ کسی کے مذہب کی توہین کریں اور مذہبی منافرت پھیلائیں۔ آزادی اظہار رائے سے مذہبی منافرت پھیلانے کا جواز نہیں ملتا بلکہ مذہبی عقائد کا احترام ہی عالمی امن اور خوشحالی کا ضامن ہے۔
اس کے علاوہ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کو قتل کرنے کی بھی مذمت کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں چار کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے جبکہ پلواما میں بھی 3 کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں کا بہانہ لگا کر قتل کیا گیا ہے جس کی پرزور مذمت کی جاتی ہے۔