سندھ میں پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھرتی کرنے کا فیصلہ
سندھ حکومت نے صوبے کے 23 سیلاب زدہ اضلاع میں ڈینگی سے نمٹنے کے لئے عارضی بنیادوں پر پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 600 میڈیکل آفیسرز، 400 لیڈی ڈاکٹرز، اسٹاف نرسز اور ٹیکنیشنز، 250 مڈوائف اور 500 ویکسی نیٹرز عارضی بنیادوں پر بھرتی کیے جائیں گے۔
یہ بھرتیاں متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ اور دیگر متعلقہ حکام پر مشتمل کمیٹی سے مشاورت کے بعد کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں | سندھ کا ڈینگی وائرس سے مقابلے کے لئے پنجاب کے ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ
یہ بھی پڑھیں | پنجاب حکومت نے پراپرٹی ٹرانسفر کی فیس ایک فیصد تک کم کر دی
صوبہ سندھ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے
صوبہ سندھ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور ایک حالیہ رپورٹ میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ صوبے میں 10 لاکھ سے زائد افراد متعدی بیماریوں سے متاثر ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں شدید بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے تباہی مچانے کے بعد 1,079,000 افراد متعدی امراض میں مبتلا ہوئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں دمہ اور سینے کی مختلف بیماریوں کے 12,819 کیسز رپورٹ ہوئے۔ مزید یہ کہ اسی عرصے میں جلد کی مختلف بیماریوں کے 14,339 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔