اپریل 20 2020: (جنرل رپورٹر) سندھ کی صوبائی حکومت نے آٹھ گھنٹوں کے لئے بازار اور دکانیں کھولنے کے لئے پلان ترتیب دے دیا ہے
تفصیلات کے مطابق یہ پلان انجمن تاجران سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا- پلان میں نرمی کے ساتھ ساتھ سخت ایس او پیز بھی تیار کر لئے گئے ہیں جس کے مطابق فی الحال تجارتی مراکز اور دکانیں کھولنے کے لئے تیرہ شعبوں کا انتخاب کیا گیا ہے
زرائع کے مطابق کاروبار کے ان تیرہ شعبوں کو تین درجوں یا حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر شعبہ چاہے وہ کسی بھی درجہ میں ہو ہفتہ میں صرف دو روز کے لئے کھولا جائے گا
حکومت سندھ کے اس پلان کے مطابق پہلے درجے میں چار, دوسرے میں بھی چار جبکہ تیسرے درجے میں پانچ شعبے شامل ہوں گے- کریانہ گوشت اور بیکری وغیرہ کی دکانیں جنہیں پورا ہفتہ کھلنے کی اجازت تھی ان کو بھی دو روز بند رکھنے کی تجویز پیش نظر ہے- تاہم دودھ دہی میڈیکل اسٹورز اور سبزی پھل کی دکانیں پورا ہفتہ کھلی رہیں گی
امید کی جا رہی ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی ایس او پیز کے تحت جلد کھولا جائے تاہم اب تک یہ پلان وزیر اعلی سندھ کی اجازت سے مشروط ہے
اسی اثناء میں حکومت سندھ نے مچھلی فروشوں کو بھی ایس او پیز کے تحت اپنے اڈے کھولنے کی اجازت دے دی- کہا کہ ماسک سینیٹائزر اور سوشل ڈسٹینس کا خیال لازمی طور پر رکھا جائے گا
نوٹیفیکیشن کے مطابق فش انڈسٹری کو سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے جبکہ ان کے اوقات کار شام چھ سے صبح چھ بجے تک کے ہوں گے- صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر ہر حال میں عملدرآمد کرنا ہو گا ورنہ ایکٹ دو ہزار چودہ کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی-زرائع کے مطابق کمشنر کراچی کے دفتر میں جائزہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی اراکین اور صوبائی وزراء سعید غنی, امتیاز شیخ, ناصر حسین شاہ, مکیش کمارچاؤ لہ اور کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے شرکت کی
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے تمام صوبوں میں لاک ڈاؤن ہے جس میں کچھ نرمی کے ساتھ سندھ حکومت نے مخصوص شعبوں کو کھولنے کا اعلان کیا ہے