بھارتی گلوکار سدھو موسیٰ والا کا حال ہی میں ریلیز ہونے والا گانا یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے پانی کے مسئلے پر ریلیز ہونے والے سدھو موسے والا کا آخری گانا ’ایس وائی ایل‘ صرف بھارت میں یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے تاہم دنیا کے دیگر حصوں سے آنے والے صارفین اس گانے کو یوٹیوب پر دیکھ سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، ایس وائی ایل (ستلج-یمنہ لنک) دراصل 214 کلومیٹر لمبی نہر ہے جو پنجاب اور ہریانہ کے درمیان تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے تنازعہ کا باعث بنی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ، سدھو کے گانے میں 1984 کے سکھ فسادات، کسانوں کے قوانین، کسان تحریک کے دوران لال قلعہ پر سکھوں کا جھنڈا لہرانے اور سکھ عسکریت پسندوں جیسے مختلف تنازعات کو دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | عالیہ بھٹ اور رانبیر کپور “والدین” بننے والے ہیں
خیال کیا جا رہا ہے کہ اس گانے کو تنازع کی وجہ سے یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے قانونی شکایت کی وجہ سے سدھو موسے والا کا گانا بھارت میں صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔
رپورٹس کے مطابق 23 جون کو ریلیز ہونے والے اس گانے کو فوری طور پر یوٹیوب پر دیکھا گیا اور اسے 28 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔