راولپنڈی پولیس نے رات گئے پی ٹی آئی کے 30 کارکنوں کو گرفتار کر لیا
راولپنڈی پولیس نے رات گئے چھاپے مار کر پاکستان تحریک انصاف کے 30 کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے راجہ بشارت، واثق قیوم اور عارف عباسی کے گھروں پر بھی چھاپے مارے۔
دو سو کارکنان کے خلاف مقدمہ درج
دریں اثنا، پی ٹی آئی کے 200 سے زائد کارکنوں کے خلاف نصیر آباد تھانے میں ریاستی معاملات میں مداخلت اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت ایک الگ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اس سے قبل، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر قیادت نے رہنماؤں اور پارٹی کارکنوں کو گرفتاریوں سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کو کہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں | پی ٹی آئی کی مریم نواز، ثناء اللہ اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دائر
پی ٹی آئی کا کارکنان کے لئے ریڈ الرٹ جاری
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پارٹی کارکنوں کے خلاف کارروائی کے بعد پی ٹی آئی نے اپنے تمام کارکنوں اور حامیوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں کیونکہ پولیس نے 1000 افراد کی فہرست تیار کر لی ہے۔
ذرائع نے مزید کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں، کارکنوں اور حامیوں کو چوکس رہنے اور گرفتاریوں سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کو کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد اور لاہور میں اتوار کی رات گئے پولیس کریک ڈاؤن کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا۔