پاکستانی نژاد نیوزی لینڈ کے فٹبالر حارث زیب فیفا کلب ورلڈ کپ میں کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد کھلاڑی بننے جا رہے ہیں۔ 23 سالہ لیفٹ ونگر نے آکلینڈ سٹی ایف سی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اور پری سیزن ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے
حارث زیب اس سے قبل برکن ہیڈ یونائیٹڈ کے لیے کھیل چکے ہیں اور اب آکلینڈ سٹی ایف سی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ آکلینڈ سٹی ایف سی نے 2024 او ایف سی چیمپئنز لیگ جیت کر 2025 فیفا کلب ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے
یہ ٹورنامنٹ 2025 میں امریکہ میں منعقد ہوگا، جہاں آکلینڈ سٹی ایف سی 32 ٹیموں کے مقابلے میں شامل ہوگا۔ گروپ اسٹیج میں آکلینڈ سٹی ایف سی کو یورپی چیمپئن بائرن میونخ، ارجنٹائن کے بوکا جونیئرز اور پرتگال کے بینفیکا جیسے بڑے کلبز کا سامنا کرنا پڑے گا
حارث زیب 15 مئی 2001 کو نیوزی لینڈ میں پاکستانی والدین کے ہاں پیدا ہوئے اور دوہری شہریت رکھتے ہیں، جس کی بدولت وہ پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کے اہل بھی ہیں۔ انہیں 2024 میں ماریشس میں ہونے والے فور نیشنز کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، لیکن انجری کے باعث ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کر سکے
لیفٹ ونگر حارث زیب نیوزی لینڈ کے مختلف کلبز جیسے کرائسٹ چرچ یونائیٹڈ اور میرمار رینجرز کے لیے کھیل چکے ہیں۔ آکلینڈ سٹی ایف سی میں ان کی شمولیت ان کے کیریئر میں ایک بڑا سنگ میل ہے، کیونکہ اب وہ کلب فٹبال کے سب سے بڑے اسٹیج پر کھیلنے جا رہے ہیں
حارث زیب نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو اپنی قومی ٹیم کے لیے دستیابی سے آگاہ کر دیا ہے۔ انہیں شہزاد انور کے دور میں پاکستانی ٹیم میں شامل ہونا تھا، لیکن اسٹیفن کی کوچنگ کے دوران ان کی شمولیت میں تاخیر ہوئی۔ تاہم، وہ پرامید ہیں کہ ان کی کامیابی پاکستان فٹبال کو عالمی سطح پر پہنچانے میں مدد دے گی