مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیر داخلہ وقار احمد نور نے کہا ہے کہ بھارتی فوج اور خفیہ ایجنسیاں آزاد کشمیر کے پرامن علاقوں میں تخریبی کارروائیاں، سبوتاژ سرگرمیاں اور منشیات کی ترسیل بڑھا رہی ہیں تاکہ خطے میں انتشار اور خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔
کشمیر میں بھارتی سرگرمیاں بے نقاب
مظفر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وقار احمد نور نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کی جانے والی تخریبی سرگرمیوں کے واضح شواہد سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی تاریخ عام شہریوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور سبوتاژ کارروائیوں سے بھری پڑی ہے، جس کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ بھارت ایل او سی پر دھماکہ خیز مواد کے ذریعے تخریب کاری کر رہا ہے۔ 2016 سے اب تک بھارتی فوج نے 54 بار ایل او سی پر دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (IEDs) نصب کیے ہیں۔
متاثرہ علاقے اور جانی نقصان
وقار احمد نور کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے نصب شدہ IEDs کے پھٹنے کے واقعات میں چکوٹھی، نیزا پیر، چڑیکوٹ، رکھ چکری اور دیوا میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی طرح بٹل، کوٹ کوٹیرا اور دیگر علاقوں میں بھی بھارتی IED دھماکوں کے واقعات میں تیزی آئی ہے، جن میں متعدد بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 4 سے 6 فروری کے دوران بٹل سیکٹر اور راولا کوٹ سے 4 بھارتی IEDs برآمد کیے گئے، جبکہ 12 فروری کو بھارتی فوج نے دیوا اور بگسر سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
پاکستان کا احتجاج اور عالمی برادری کو ثبوت کی فراہمی
آزاد کشمیر کے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر تخریبی کارروائیوں اور IEDs کی منتقلی کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے بھارتی تخریبی سرگرمیوں کے ناقابلِ تردید شواہد اقوام متحدہ کے حکام کے ساتھ بھی شیئر کیے ہیں۔
اسلحہ اور منشیات کی سمگلنگ میں بھارتی فوج کا کردار
وقار احمد نور نے دعویٰ کیا کہ بھارت کی بارڈر فورسز دوہرے ایجنٹوں کے ذریعے اسلحہ کی سمگلنگ میں ملوث ہیں اور فوجی ذرائع سے منشیات اور ہتھیاروں کی ترسیل کی جا رہی ہے۔
بھارتی فوج میں خودکشیوں میں اضافہ
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج میں مایوسی کی وجہ سے ہر سال خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، اور ان واقعات کو چھپانے کے لیے بھارتی فوج انہیں دو طرفہ فائرنگ کا رنگ دیتی ہے۔
آزاد کشمیر کے وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک میں بھی دراندازی اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہے، جس کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں۔