وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس خان لغاری نے اپریل کے مہینے کے بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے اپریل کے لیے بجلی کے بلوں میں 3.82 روپے فی یونٹ کمی کا انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام گھرانوں اور کاروباروں کے لیے ریلیف کے طور پر اٹحایا گیا ہے جو یوٹیلیٹی کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے دوچار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ ماہ کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 4.92 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے جو کہ گزشتہ ماہ کے 7.06 روپے فی یونٹ سے کم ہے جس کے نتیجے میں 2 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
اسی طرح ایندھن کی قیمتوں میں پچھلی ایڈجسٹمنٹ 4.43 روپے فی یونٹ تھی، اب کم ہو کر 2.14 روپے فی یونٹ ہو گئی ہے۔
وزیر توانائی نے کہا کہ قیمتوں میں یہ کمی وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات کے بعد کی گئی ہے تاکہ عوام کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید نشاندہی کی کہ ریگولیٹری اتھارٹی نیپرا پورے سال کے لیے ریفرنس ٹیرف کا تعین کرنے اور بعد میں ہونے والی ایڈجسٹمنٹ کے لیے فریم ورک ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا بجلی کی بلنگ میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانے کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا باقاعدگی سے جائزہ لیتی ہے۔
انہوں نے ملکی خسارے میں اضافے سے بچنے کے لیے اس فرق کو وصول کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
بجلی چوری کو روکنے کے لیے موجودہ کوششوں کو ناکافی قرار دیتے ہوئے انہوں کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔