وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس قوانین (ترمیمی) بل 2024 کے تحت بینکوں کے ساتھ انکم ٹیکس ریٹرن کا ڈیٹا شیئر کرنے کا نیا نظام متعارف کروا دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بینکوں کے پاس موجود معلومات کا موازنہ ایف بی آر کے پاس موجود ڈیٹا سے کرنا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان اور غیر ٹیکس دہندگان میں فرق واضح کیا جا سکے۔
“اہل” اور “نا اہل” افراد کا تصور متعارف
ترمیمی بل میں “اہل افراد” اور “نا اہل افراد” کے نئے تصورات متعارف کروائے گئے ہیں، جن کے تحت غیر ٹیکس دہندگان (نا اہل افراد) پر معاشی لین دین پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ان پابندیوں میں درج ذیل شامل ہیں:
• گاڑیاں خریدنے یا رجسٹر کرنے پر پابندی۔
• جائیداد کی خرید و فروخت پر پابندی۔
• سیکیورٹیز یا میوچل فنڈز کی خرید و فروخت پر پابندی۔
• نئے بینک اکاؤنٹ کھولنے یا موجودہ اکاؤنٹ چلانے پر پابندی۔
• بینک اکاؤنٹس سے کیش نکلوانے پر پابندی۔
بینکوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ
ایف بی آر اب بینکوں کے ساتھ ٹیکس دہندگان کے ٹرن اوور، آمدنی، ٹیکس کی قابل رقم، بینک اکاؤنٹ نمبر، ویلتھ اسٹیٹمنٹ، اور مالیاتی دستاویزات جیسی معلومات کا تبادلہ کرے گا۔
بینک ان افراد کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے جن کے بینکنگ ڈیٹا اور ایف بی آر کے فراہم کردہ ڈیٹا الگوردمز میں تضاد ہوگا۔
اہل اور نا اہل افراد کی تعریف
• اہل شخص: وہ فرد یا ادارہ جس نے گزشتہ ٹیکس سال کی انکم ٹیکس ریٹرن فائل کی ہو اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ یا مالیاتی دستاویزات میں لین دین کے لیے کافی وسائل موجود ہوں۔
• نا اہل شخص: وہ فرد یا ادارہ جو ان شرائط پر پورا نہ اترتا ہو۔
نا اہل افراد پر پابندیاں
1. گاڑیوں کی خریداری پر پابندی: نا اہل افراد گاڑیوں کی بکنگ، خریداری یا رجسٹریشن کے لیے درخواست نہیں دے سکتے۔
2. جائیداد کی خرید و فروخت پر پابندی: نا اہل افراد جائیداد کی خرید و فروخت کی درخواست یا ٹرانسفر نہیں کر سکتے۔
3. سیکیورٹیز کی خرید و فروخت پر پابندی: نا اہل افراد سیکیورٹیز یا میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری نہیں کر سکتے۔
4. بینک اکاؤنٹس پر پابندی: بینک نا اہل افراد کے نئے یا موجودہ اکاؤنٹس کو چلانے یا کیش نکلوانے کی اجازت نہیں دیں گے، سوائے آسان اکاؤنٹ کے۔
جرمانے اور اختیارات
• کمشنر ان لینڈ ریونیو کے اختیارات:
• بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنا۔
• نا رجسٹرڈ افراد کی جائیداد کی ٹرانسفر پر پابندی۔
• کاروباری جگہ کو سیل کرنا یا منقولہ جائیداد ضبط کرنا۔
• چیف کمشنر کے اختیارات:
• نا رجسٹرڈ افراد کی کاروباری سرگرمیوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے رسیور مقرر کرنا۔
استثناء
نا اہل افراد درج ذیل اشیاء خرید سکتے ہیں:
• رکشہ یا موٹر سائیکل رکشہ۔
• 800 سی سی تک کے انجن کی گاڑیاں۔
• ٹریکٹر اور دیگر موٹر وہیکلز۔