پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے کرکٹ کی ڈیجیٹل دنیا میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے اپنا نیا آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم “PCB LIVE” متعارف کروا دیا ہے۔ اس سروس کا مقصد شائقین کرکٹ کو پاکستانی ٹیم اور کھلاڑیوں کے مزید قریب لانا ہے تاکہ وہ لائیو میچز اور خصوصی ویڈیوز کہیں سے بھی دیکھ سکیں۔
یہ سروس سب سے پہلے برطانیہ میں شروع کی گئی ہے، جہاں کے شائقین اب live.pcb.com.pk پر رجسٹریشن کر کے پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ سیریز دیکھ سکتے ہیں جو 12 اکتوبر 2025 سے شروع ہو رہی ہے۔ اسی ماہ کے آخر تک برطانوی صارفین کے لیے PCB LIVE کا موبائل ایپ بھی جاری کر دی جائے گی، جسے وہ اپنے فون یا اسمارٹ ڈیوائس پر استعمال کر سکیں گے۔
یہ پلیٹ فارم پی سی بی کا پہلا ڈائریکٹ ٹو فین (Direct-to-Fan) ڈیجیٹل منصوبہ ہے جو لائیو میچز کے ساتھ ساتھ پرانے تاریخی میچز اور ہائی لائٹس بھی فراہم کرے گا۔ اس میں بین الاقوامی میچوں کے علاوہ منتخب ڈومیسٹک ٹورنامنٹس، ماضی کے یادگار لمحات، پلیئر انٹرویوز، ڈاکیومنٹریز، بیہائنڈ دی سین فوٹیجز اور تربیتی سیشنز بھی شامل ہوں گے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اسے پاکستان کرکٹ کے لیے ایک “تاریخی سنگِ میل” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا:
“ہمیں فخر ہے کہ ہم نے اپنا OTT پلیٹ فارم لانچ کیا ہے جو شائقین کو ڈیجیٹل دور میں براہِ راست سہولت فراہم کرے گا۔ برطانیہ سے آغاز کے بعد ہم اسے دوسرے ممالک تک بھی پھیلائیں گے تاکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی کرکٹ کے چاہنے والے اپنے پسندیدہ کھیل سے جڑے رہیں۔”
پی سی بی لائیو کے آغاز کے ساتھ پاکستان کرکٹ نے بھی اُن بڑے کرکٹ بورڈز کی صف میں جگہ بنا لی ہے جنہوں نے اپنی اسٹریمنگ سروسز شروع کی ہیں اب شائقین ماضی کی یادیں ہوں یا آج کا لائیو ایکشن، سب کچھ ایک ہی جگہ دیکھ سکیں گے۔