اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف توشہ خانہ کیس خارج کر دیا
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج منگل کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کو خارج کر کے بڑا ریلیف فراہم کیا ہے۔
گزشتہ سال 22 نومبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137، 170 اور 167 کے تحت فوجداری کارروائی شروع کرنے کے لیے توشہ خانہ ریفرنس ٹرائل کورٹ کو بھجوایا تھا۔
یہ ریفرنس ایک ماہ کے بعد عدالت کو بھیجا گیا تھا جب ای سی پی کے چار رکنی بینچ نے متفقہ طور پر قرار دیا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے بطور وزیر اعظم اپنے دور میں غیر ملکی شخصیات سے ملنے والے تحائف کے بارے میں حکام کو غلط معومات دی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق 30 مارچ کو مقدمے کی سماعت رمضان اور عید کی تعطیلات کے پیش نظر 29 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ تاہم 4 اپریل کو الیکشن سپروائزر نے عدالت سے کیس کی سماعت کے لیے قبل از وقت تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کی اور عدالت نے 8 اپریل کو ای سی پی کی درخواست پر 11 اپریل کو سماعت کرنے کا فیصلہ کیا۔
دریں اثنا، عمران خان کے خلاف اسلام آباد کی مقامی عدالت میں دائر 10 مقدمات جوڈیشل کمپلیکس منتقل کردیئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
تھانہ شہزاد ٹاؤن اور ترنول میں درج دو مقدمات کی سماعت آج ہو گی۔ کراچی کمپنی، کوہسار، رمنا، سیکریٹریٹ، مارگلہ اور کھنہ تھانوں میں درج مقدمات کی سماعت بھی منگل کو ہوگی۔
توشہ خانہ کیس کی عدالتی کہانی
واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے پی ٹی آئی سربراہ کی جانب سے توشہ خانہ کیس کو ناقابل سماعت قرار دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ٹرائل کو قابل سماعت قرار دے دیا تھا۔ بعد میں اسے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ جس پر ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کے خلاف کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے 23 جون کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ آج سنائے گئے محفوظ فیصلے کے مطابق، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے 5 مئی کے فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست کو قبول کرتے ہوئے نچلی عدالت کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کیس کا فیصلہ کرنے کے لیے سات دن کا وقت دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کے لئے الیکشن کی اجازت دے دی
دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ نے کل ہی توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے ججوں کے بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا جس میں آئی ایچ سی کے چیف جسٹس عامر فاروق بھی شامل تھے۔