جون 26 2020: (جنرل رپورٹر) ابوظہبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے یہ اعلان کیا ہے کہ نیشنل اسکریننگ پروگرام کی بدولت تصدیق شدہ کیسز کی شرح میں انتہائی کمی آئی ہے جس کے بعد کورونا کیسز کی تعداد 1 فیصد سے بھی کم ہو کر رہ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے مصفح علاقے میں نیشنل اسکریننگ پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو چکا ہے۔ اس علاقے میں وائرس پر پوری طرح سے روک تھام کر لی گئی ہے۔ حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مصفح میں اس اسکریننگ مہم کے دوران 5 لاکھ 70 ہزار لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ اس مہم کے دوران 2 ہزار 730 عمارتوں میں ٹیسٹ کئے گئے جبکہ 260 ہاؤسنگ کمپلیکسز کو بھی جراثیم سے پاک کیا گیا۔
اس مہم کے دوران ایک ملین لوگوں کو فری کھانا مہیا کیا گیا جبکہ 7 لاکھ پچاس ہزار سے زائد ماسک بھی تقسیم کئے گئے۔ ابوظہبی، مصَفح میں اسکریننگ اور ٹیسٹنگ مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو چکی ہے جبکہ کورونا کیسز کی تعداد ایک فیصد سے بھی کم ہو کر رہ گئی ہے۔
ابوظہبی محکمہ صحت نے یہ مہم 6 ہفتوں تک متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مکمل کی ہے جس کے بعد رہائشیوں میں کورونا وائرس مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔ اس مہم کا آغاز 9 مئی کو ہوا تھا جو 6 ہفتے تک جاری رہی۔ اس مہم کا مقصد شہریوں کی صحت کا تحفظ اور انہیں زیادہ تعداد میں کورونا ٹیسٹنگ کی سہولت میسر کرنا تھا۔ اس مہم میں کمیونٹی کے کارکنوں اور فرنٹ لائن ورکرز نے بھی بھرپور کردار ادا کیا اور حمایت کے ساتھ اپنا وقت دیا جس کا مکینوں کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا۔
کمیٹی نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس شرح کو برقرار رکھنے اور صحت عامہ کے تحفظ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد جاری رکھیں اور اداروں کے ساتھ تعاون کرتے رہیں۔