پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر اپنے تاریخی قیام کے دوران روایتی دیسی ذائقوں سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ چینی محققین نے ان کے لیے خصوصی طور پر خلاء میں پاکستانی خلا باز کے روایتی کھانے تیار کر کے مینیو میں شامل کر دیے ہیں۔ چائنا ایسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر نے پاکستانی کھانوں کی ثقافت، حلال تقاضوں اور غذائی معیارات کا تفصیلی مطالعہ کرنے کے بعد ان کے قیام کے لیے 100 سے زائد اقسام پر مشتمل ایک وقف حلال فوڈ سلیکشن تیار کی ہے۔
سات خصوصی پاکستانی طرز کے خلائی پکوان اور حلال تیاری
چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی (CCTV) کی رپورٹ کے مطابق، تحقیقی مرکز نے محمد ذیشان علی کے لیے سات پاکستانی طرز کے خلائی کھانے تیار کیے ہیں جن میں سے چار مشہور پکوانوں کے نام سامنے آ گئے ہیں:
بیف نہاری
مٹن قورمہ
بٹر چکن
مصالحہ دار چنے
مرکز کی محقق چن جنلی نے بتایا کہ ٹیم نے ان ریسیپیز کو خلائی سفر کے دوران توانائی اور غذائیت کے سخت معیارات پر پورا اترنے کے لیے ڈیزائن کیا ہے۔ مشن کے آغاز میں ہلکی اور زود ہضم خوراک رکھی گئی جبکہ پاکستانی ذائقے کے مطابق ہلدی اور کری جیسے مصالحہ جات کا خاص خیال رکھا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کھانوں کی پوری پروڈکشن لائن سو فیصد حلال تھی اور بار بار ذائقے کی جانچ کے بعد ریسیپیز کو حتمی شکل دی گئی۔
ذیشان علی کی فرمائش پر چینی چاول اور چائے کا اضافہ
خلاء میں پاکستانی خلا باز کے روایتی کھانے ترتیب دیتے وقت ابتدائی منصوبے میں پاکستانی مصالحہ دار دودھ والی چائے شامل تھی تاہم چین پہنچنے کے بعد ذیشان علی نے بتایا کہ انہیں چینی کالی چائے اور چینی چاول بے حد پسند آئے ہیں اور انہوں نے پرواز کے لیے یہ دونوں اشیاء زیادہ مقدار میں پیک کرنے کی درخواست کی جسے فوری طور پر مینیو میں شامل کر لیا گیا۔
مزید برآں، خلائی اسٹیشن پر موجود شینزو 23 اور شینزو 24 کے مجموعی طور پر چھ خلا باز مدار میں ایک ساتھ قیام کے دوران ایک خصوصی عشائیہ بھی مل کر کھائیں گے جس میں دونوں ٹیموں کے پسندیدہ پکوان رکھے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز کمانڈر تانگ ہونگبو اور فلائٹ انجینئر وو یی کے ہمراہ تیانگونگ اسٹیشن پہنچنے والے محمد ذیشان علی مختصر قیام اور سائنسی تجربات کی تکمیل کے بعد شینزو 23 کے ذریعے زمین پر واپس لوٹیں گے۔






