پاکستان کی گیمنگ انڈسٹری میں تیزی سے ابھرتے ہوئے رجحانات کے درمیان پب جی موبائل واؤ ڈیش (PUBG MOBILE WOW Dash) ایکوسسٹم کھلاڑیوں اور نئے گیم کری ایٹرز کے لیے ترقی اور روزگار کے نئے راستے ہموار کر رہا ہے۔ یہ انقلابی اقدام ملک بھر کی کمیونٹیز تک مسابقتی گیمنگ کو پہنچانے کے ساتھ ساتھ شہروں کی سطح پر مقابلوں، کیمپس پروگرامز، گیم ڈویلپمنٹ کورسز اور کری ایٹر انعامات کے ذریعے نوجوانوں کو گیمنگ انڈسٹری کا حصہ بننے اور اپنا کیریئر بنانے کے شاندار مواقع فراہم کر رہا ہے۔
ملک گیر سٹی ٹور اور 8 ہزار سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت
حالیہ واؤ ڈیش سرگرمی کا آغاز 15 اکتوبر سے آٹھ روزہ ملک گیر ٹور کے ساتھ ہوا، جس میں حیدرآباد، کراچی، ملتان، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور شامل تھے۔ اس ٹور کے دوران 8,000 سے زائد کھلاڑیوں نے مخصوص واؤ میپس (WOW Maps) میں حصہ لیا اور مقررہ پوائنٹس کا ہدف حاصل کر کے نقد انعامات جیتے۔
پب جی موبائل واؤ ڈیش صارفین کے تیار کردہ مواد کے ایکوسیسٹم کو فروغ دینے کی ایک بڑی کاوش ہے جس کے نمایاں پہلو درج ذیل ہیں:
ذاتی میپس اور آمدنی کے مواقع: کھلاڑی اب اپنے ذاتی گیمنگ میپس اور تجربات تخلیق کر سکتے ہیں جن کے بدلے انہیں پب جی موبائل کے ان گیم انسنٹیو پلان اور تخلیقی مقابلوں کے ذریعے کمائی کرنے کا موقع ملتا ہے۔
پیشہ ورانہ گیم ڈیزائننگ: یہ پلیٹ فارم گیم ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو میپ کری ایشن بطور پیشہ اپنانے کی راہ دکھاتا ہے۔
متنوع فارمیٹس اور تربیت: اس اقدام میں کیمپس واؤ ڈیش، انفلوئنسر واؤ ڈیش اور ایلن واکر پارٹی واؤ ڈیش جیسے فارمیٹس شامل ہیں، جبکہ یونیورسٹی کیمپس پروگرامز اور پروفیشنل گیم ڈویلپمنٹ کورسز کے ذریعے نوجوانوں کی تکنیکی مہارتوں کو نکھارا جا رہا ہے۔
لاہور گرینڈ فائنل اور ترکیہ میں عالمی چیمپئن شپ کا ٹکٹ
اس ملک گیر سٹی ٹور کا اختتام 24 اور 25 اکتوبر کو لاہور میں پی ایم جی او (PMGO) واچ پارٹی کے مقام پر منعقد ہونے والے دو روزہ گرینڈ فائنل کے ساتھ ہوا جس میں 5,000 سے زائد شائقین نے شرکت کی۔ چھ شہروں کے چیمپئنز کے درمیان ہونے والے اس سنسنی خیز فائنل میں کراچی اور راولپنڈی کے کھلاڑی فاتح قرار پائے جنہیں پب جی موبائل کی میزبانی میں ترکیہ میں ہونے والی پب جی موبائل گلوبل چیمپئن شپ (PMGC) میں شرکت کا سنہری موقع مل گیا ہے۔
اس مقابلے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے فاتح کھلاڑی کا سفر انتہائی متاثر کن رہا، جو اس سے قبل ‘واؤ ڈیش تھائی لینڈ’ کے لیے منتخب ہونے کے باوجود ویزا مسائل کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے تھے۔ تاہم، انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اس بار لاہور میں فتح حاصل کر کے ترکیہ جانے اور عالمی چیمپئن شپ دیکھنے کا اپنا دیرینہ خواب پورا کر دکھایا۔






