پاکستان نے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ باہمی تجارت کے طے شدہ 5 ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے اور بالخصوص اسپیشل اکنامک زونز (SEZs) میں مزید ترک سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہا ہے۔ پاک ترکیہ تجارتی ہدف کے حوالے سے یہ پیش رفت جمعہ کے روز اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی اور ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کے درمیان ہونے والی ایک اہم ملاقات میں سامنے آئی۔ فنانس ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق، ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
معدنیات، ڈسکوز کی نجکاری اور شپ بریکنگ میں شراکت داری
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ترکیہ کی گہری دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے مثالی سیاسی تعلقات اور خیر سگالی کو تجارتی حجم میں اضافے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے اسلام آباد میں جاری پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (PMIF26) میں ترک کمپنیوں کی بھرپور شرکت اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کی نجکاری میں ترکیہ کی دلچسپی کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ، وزیر مملکت نے میری ٹائم اور شپ بریکنگ کے شعبوں کو بھی دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ شراکت داری کے لیے انتہائی موزوں قرار دیا۔
تجارتی معاہدے میں توسیع اور ماضی کے اہداف
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاک ترکیہ تجارتی ہدف کے حصول کے لیے پاکستان ترکیہ ٹریڈ ان گڈز ایگریمنٹ کو مزید وسعت دینے اور سیاسی خیر سگالی کو عملی اہداف میں بدلنے کے لیے مزید ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا یہ ہدف نیا نہیں ہے دونوں ممالک کی قیادت نے سب سے پہلے 2020 میں اس عزم کا اظہار کیا تھا اور پھر 2025 میں بھی اس ہدف کی تجدید کی گئی تھی جسے اب عملی جامہ پہنانے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔






