پاکستان محکمہ موسمیات (PMD) نے سال 2026 کا قمری کیلنڈر جاری کر دیا ہے جس میں تمام اسلامی مہینوں کے چاند کی متوقع تاریخوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ یہ کیلنڈر محکمہ موسمیات کے "کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر” کی جانب سے تیار کیا گیا ہے جو ہر سال مذہبی اور سرکاری اداروں کو چاند دیکھنے اور مذہبی تقریبات کی منصوبہ بندی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شعبان کا چاند 21 جنوری 2026 کو نظر آنے کا امکان ہے جس کے بعد رمضان المبارک کی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔ رمضان کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کی توقع ہے لہٰذا پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح شوال کا چاند 19 مارچ کو نظر آنے کا امکان ہے جس کے مطابق عید الفطر 20 مارچ 2026 کو منائے جانے کی توقع ہے۔
اس کے بعد ذوالقعدہ کا چاند 18 اپریل کو اور ذوالحجہ کا چاند 17 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عید الاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائی جا سکتی ہے۔
مزید برآں محرم الحرام کا چاند 15 جون کو نظر آنے کی توقع ہے جو نئے اسلامی سال کا آغاز ہوگا۔ صفر کا چاند 15 جولائی، ربیع الاول کا 13 اگست، ربیع الثانی کا 12 ستمبر، جمادی الاول کا 12 اکتوبر، جمادی الثانی کا 10 نومبر اور رجب کا چاند 10 دسمبر 2026 کو نظر آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام تاریخیں سائنسی اندازوں پر مبنی ہیں جن میں چاند کی پیدائش، غروبِ آفتاب کے اوقات اور دکھائی دینے کے امکانات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ تاہم حتمی تاریخوں کا اعلان رؤیتِ ہلال کمیٹی مشاہدے کے بعد کرے گی۔






