فیفا نے فٹبال میں دو نئے کارڈ Blue اور Purple متعارف کروا دیے ہیں، جو کھیل کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ برسوں سے فٹبال میں صرف دو کارڈ استعمال ہوتے آئے ہیں: yellowکارڈ خبردار کرنے کے لیے اورred کارڈ کھلاڑی یا کوچ کو میدان سے باہر بھیجنے کے لیے۔ اب فیفا نے دو مزید کارڈ شامل کیے ہیں جن کا مقصد سزا نہیں بلکہ فیصلوں کا جائزہ لینا ہے۔
یہ نئے کارڈ Football Video Support (FVS) نامی نظام کا حصہ ہیں جو ان میچز کے لیے بنایا گیا ہے جہاں مکمل Video Assistant Referee (VAR) سسٹم دستیاب نہیں ہوتا۔ وی اے آر ایک مہنگا نظام ہے جس کے لیے متعدد کیمرے، آلات اور تربیت یافتہ عملے کی ضرورت ہوتی ہے جو چھوٹی لیگوں کے لیے ممکن نہیں۔ FVS سسٹم ان کے لیے ایک سادہ اور کم خرچ متبادل فراہم کرتا ہے تاکہ اہم فیصلوں کا دوبارہ جائزہ لیا جا سکے۔
Blue اور Purple کارڈ کیسے کام کرتے ہیں؟
ہر میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں کے کوچز کو ایک ایک کارڈ دیا جاتا ہے ایک کو Blue کارڈ اور دوسرے کو Purple کارڈ۔ اگر کسی کوچ کو ریفری کے بڑے فیصلے جیسے پنالٹی یا ریڈ کارڈ پر اعتراض ہو تو وہ اپنا کارڈ چوتھے آفیشل کو دے کر ریویو کی درخواست کر سکتا ہے۔
ریفری اس واقعے کو محدود کیمروں (عام طور پر تین یا چار) کے ذریعے دیکھتا ہے۔ اگر فیصلہ کوچ کے حق میں جاتا ہے تو ٹیم اپنا کارڈ برقرار رکھتی ہے اور دوبارہ استعمال کر سکتی ہے، لیکن اگر فیصلہ برقرار رہے تو کارڈ ختم سمجھا جاتا ہے۔
فیفا کے مطابق یہ کارڈ صرف "واضح اور بڑی غلطیوں” کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں جیسے گول کا فیصلہ پنالٹی یا براہ راست ریڈ کارڈ۔ آف سائیڈ یا پیلے کارڈ کے فیصلوں پر ریویو کی اجازت نہیں ہوگی۔
فیفا نے یہ نظام کیوں بنایا؟
دنیا کے کئی ممالک میں وی اے آر نظام لگانا ممکن نہیں کیونکہ اس پر لاکھوں ڈالر خرچ آتا ہے۔ متعدد کیمرے لگانا، عملہ رکھنا اور کنٹرول سینٹر چلانا بہت مہنگا ہے۔ FVS سسٹم ان ممالک کے لیے بنایا گیا ہے جو کم بجٹ میں منصفانہ کھیل چاہتے ہیں۔
کہاں استعمال ہو رہا ہے؟
فیفا نے یہ نیا نظام مختلف ٹورنامنٹس میں آزمایا ہے جن میں FIFA Under-20 World Cup شامل ہے جہاں مراکش کے کوچ نے فرانس کے خلاف پنالٹی ریویو کے لیے کارڈ استعمال کیا۔ اسی طرح Women’s Under-17 World Cup، اٹلی کی Serie C، اسپین کی Women’s Liga F اور دیگر مقابلوں میں بھی یہ نظام کامیابی سے چل رہا ہے۔ اب تک 200 سے زائد میچز FVS سسٹم کے تحت کھیلے جا چکے ہیں اور ریفریوں اور کھلاڑیوں کی رائے مثبت رہی ہے۔
کیا یہ نظام پاکستان میں آ سکتا ہے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سستا اور آسان نظام ترقی پذیر ممالک جیسے پاکستان کے لیے بہت فائدہ مند ہو سکتا ہے جہاں مکمل وی اے آر سسٹم لگانا ممکن نہیں۔ اگر فیفا کے یہ تجربات کامیاب رہے تو مستقبل میں یہ نظام Asian Cup یا World Cup Qualifiers جیسے مقابلوں میں بھی متعارف کرایا جا سکتا ہے۔فیفا کے نئے Blue اور Purple کارڈز فٹبال میں انصاف اور مساوات کی نئی راہ کھول رہے ہیں۔ یہ قدم ظاہر کرتا ہے کہ فیفا چاہتا ہے کہ فٹبال صرف بڑی لیگوں تک محدود نہ رہے بلکہ ہر ملک کے کھلاڑیوں کو ایک منصفانہ موقع ملے۔