پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ایئر لائن ایئرسیال (AirSial) نے اپنے ایئربس A330 بیڑے کے لیے تجربہ کار لیڈ کیبن کریو اور کیبن کریو ممبران کی بھرتی کا اعلان کیا ہے۔
ایئرسیال جو فخر سے “دی پرائیڈ آف پاکستان” کہلاتی ہے ان پیشہ ور افراد کو موقع دے رہی ہے جو اس کی بڑھتی ہوئی ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔
ایئرلائن کے مطابق یہ اسامیاں اسلام آباد اور لاہور بیس کے لیے دستیاب ہیں اور درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 22 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کے پاس CCCC A330 کا درست اینڈورسمنٹ سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے تاکہ وہ منتخب ہونے کے فوراً بعد فلائٹ آپریشنز شروع کر سکیں۔
ایئرسیال نے امیدواروں کے لیے کچھ اہم شرائط بھی جاری کی ہیں۔ درخواست دہندگان میں دباؤ میں کام کرنے کی صلاحیت، مشکل صورتحال میں تحمل کا مظاہرہ، اور انگریزی و اردو میں بہترین گفتگو کے مہارت موجود ہونی چاہیے۔ امیدوار کا خوشگوار مزاج، زیادہ سے زیادہ عمر 28 سال اور کم از کم انٹرمیڈیٹ تعلیم ہونا ضروری ہے۔
یہ بھرتی مہم ایئرسیال کے اس ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت کمپنی اپنے بیڑے میں وسعت اور خدمات کے معیار میں بہتری لا رہی ہے۔ ایئربس A330 جیسے جدید طیاروں کی شمولیت کے ساتھ، ایئرسیال کا مقصد علاقائی ہوابازی مارکیٹ میں مضبوط مقام حاصل کرنا اور مسافروں کو پیشہ ورانہ اور باوقار خدمات فراہم کرنا ہے۔دلچسپی رکھنے والے امیدوار اپنی درخواستیں آن لائن www.airsial.com/careers پر جمع کروا سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ درست A330 اینڈورسمنٹ کی کاپی منسلک کرنا لازمی ہے۔