متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے نئی ویزا اور رہائشی سہولتوں کا اعلان کیا ہے تاکہ ملک کو مزید پرکشش بنایا جا سکے۔ یہ ترامیم فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈینٹٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی (ICP) کی جانب سے کی گئی ہیں۔ ان میں چار نئی وزٹ ویزا کیٹیگریز، انسانی بنیادوں پر رہائشی پرمٹ، بیواؤں اور مطلقہ خواتین کے لیے رہائش کے قوانین، اور رشتہ داروں و دوستوں کو اسپانسر کرنے کے نئے ضابطے شامل ہیں۔
چار نئی وزٹ ویزا کیٹیگریز
- مصنوعی ذہانت کے ماہرین کے لیے:
یہ سنگل یا ملٹی پل انٹری ویزا ہے جس کے لیے ٹیکنالوجی سے متعلق ادارے کی جانب سے اسپانسرشپ لیٹر درکار ہوگا۔ - انٹرٹینمنٹ ویزا:
یہ ویزا غیر ملکیوں کو عارضی طور پر تفریحی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے دیا جائے گا۔ - ایونٹ ویزا:
یہ ویزا کانفرنسز، نمائشوں، ثقافتی پروگراموں، سیمینارز، کھیلوں اور دیگر تقریبات میں شرکت کے لیے جاری ہوگا۔ اسپانسر یا میزبان ادارے کی جانب سے ایونٹ کی تفصیل لازمی ہے۔ - کروز شپ اور یاٹ کے ذریعے سیاحت:
یہ ملٹی پل انٹری ویزا ان غیر ملکیوں کے لیے ہوگا جو کروز شپ یا یاٹ کے ذریعے سیاحت کرتے ہیں بشرطیکہ میزبان ایک لائسنس یافتہ سیاحتی ادارہ ہو۔
انسانی بنیادوں پر رہائشی پرمٹ
نئے قوانین کے تحت ایک سال کا ہیومینیٹیرین رہائشی پرمٹ جاری کیا جائے گا جس میں توسیع ممکن ہے۔ یہ ان افراد کے لیے ہوگا جن کے ممالک جنگ یا قدرتی آفات سے متاثر ہیں، اور اس کے لیے کسی اسپانسر یا گارنٹی کی ضرورت نہیں ہوگی۔
بیواؤں اور مطلقہ خواتین کے لیے رہائش
- اگر شوہر اماراتی تھے: تو بیوہ یا مطلقہ کو چھ ماہ کے اندر رہائش کے لیے اپلائی کرنا ہوگا۔
- اگر شوہر غیر ملکی تھے: اور بیوہ کو بچوں کی تحویل حاصل ہے تو انہیں بھی ایک سال کا رہائشی پرمٹ دیا جائے گا، بشرطیکہ وہ شوہر کی وفات یا طلاق کے وقت یو اے ای میں موجود ہوں۔
رشتہ داروں اور دوستوں کو اسپانسر کرنے کے ضابطے
- قریبی رشتہ داروں کے لیے اسپانسر کی کم از کم تنخواہ 4000 درہم ماہانہ ہونی چاہیے۔
- دوسرے یا تیسرے درجے کے رشتہ داروں کے لیے 8000 درہم ماہانہ آمدنی شرط ہے۔
- دوستوں کے اسپانسرشپ کے لیے 15000 درہم ماہانہ تنخواہ درکار ہوگی۔
بزنس ایکسپلوریشن ویزا
اب درخواست گزار کو مالی طور پر مستحکم ہونا ہوگا، یا بیرونِ ملک اسی سرگرمی میں مصروف ہونا ہوگا، یا اس فیلڈ میں پروفیشنل مہارت ثابت کرنی ہوگی۔
ٹرک ڈرائیورز کا ویزا
ٹرک ڈرائیور اب سنگل یا ملٹی پل انٹری ویزا حاصل کر سکیں گے، بشرطیکہ ان کا اسپانسر ایک لائسنس یافتہ فریٹ کمپنی ہو۔ صحت بیمہ اور مالی تقاضے بھی لازمی ہوں گے۔