پاکستان ایئر فورس کے جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیارے برطانیہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT) 2025 میں شرکت کریں گے۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا فوجی ایئر شو مانا جاتا ہے اور 18 سے 20 جولائی تک برطانیہ کے رائل ایئرفورس بیس فیئرفورڈ میں جاری رہے گا۔
پی اے ایف کے دستے کے ساتھ سی-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارہ بھی شامل ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس ایئر شو میں شرکت پاکستان کی فضائی طاقت، پیشہ ورانہ مہارت اور ملکی سطح پر تیار کیے گئے طیاروں کی قابلیت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک بڑا موقع ہے۔
پاکستان ایئر فورس کے نمبر 08 سکواڈرن "حیدرز" سے دو JF-17 تھنڈر بلاک-III سیریل نمبر۔ 23-323 اور سیریل نمبر 23-319 فائٹر جیٹس، رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو RIAT 2025 کے لیئے RAF فیئر فورڈ (UK) پہنچ گئے- یہ پہلی دفعہ ہے کہ تھنڈر نے یو کے میں ٹچ ڈاؤن کیا ہے-⚡ 🇵🇰 pic.twitter.com/PyadyHYec1
— Amir H. Qureshi (@AmirHQureshi) July 17, 2025
سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ جے ایف-17 طیارے اپنے راستے میں فضاء میں ایندھن بھرنے کی کامیاب مشق کے بعد برطانیہ پہنچے۔ پی اے ایف کے IL-78 ایریل ریفیولر نے اس مشن میں مدد فراہم کی۔ اس طرح کا لانگ رینج آپریشن مہارت، ہم آہنگی اور اعتماد مانگتا ہے اور پی اے ایف نے یہ سب بہت خوبصورتی سے کر دکھایا۔
جہاں تک جے ایف-17 بلاک تھری کا تعلق ہے یہ ایک جدید 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے۔ اس میں جدید AESA ریڈار اور لانگ رینج BVR میزائل نصب ہیں جو اسے کئی اقسام کے جنگی مشن انجام دینے کے قابل بناتے ہیں۔ یہ طیارہ پاکستان کی فضائی دفاعی حکمت عملی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔
یاد رہے چند ماہ قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک کشیدہ صورتحال میں، پاکستان نے پانچ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔ بعد میں پی اے ایف نے تصدیق کی کہ یہ آپریشن کامرہ کی 15 اسکواڈرن نے انجام دیا تھا۔ یہ واقعہ گزشتہ پچاس سالوں میں جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا فضائی تصادم تصور کیا جا رہا ہے۔
اسی وجہ سے برطانیہ اور دنیا بھر کے دفاعی تجزیہ کار اور ایوی ایشن شوقین اس سال کے ایئر شو میں پاکستان کے جے ایف-17 بلاک تھری کو دیکھنے کے لیے خاصے پُرجوش تھے۔
یہ طیارہ نہ صرف اپنی جنگی کارکردگی کی وجہ سے دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے بلکہ اب RIAT 2025 میں اس کی موجودگی کو ایک اہم لمحہ تصور کیا جا رہا ہے جہاں یہ پاکستان کی دفاعی قابلیت کا بھرپور اظہار کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طلبہ اور ورکرز کے لیے برطانیہ نے ای-ویزا سسٹم متعارف کرا دیا