سوشل میڈیا پر کافی باتیں گردش کر رہی تھیں کہ حسیب اللہ خان شاید پاکستان چھوڑ کر انگلینڈ کی طرف سے کھیلنے والے ہیں۔ کچھ لوگوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ وہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملے بھی ہیں تاکہ اپنے مستقبل کے بارے میں بات چیت کر سکیں۔ لیکن اب حسیب اللہ نے خود خاموشی توڑ دی ہے اور ان تمام خبروں کو غلط قرار دیا ہے۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مختصر پیغام میں حسیب اللہ نے واضح کیا ہے کہ وہ انگلینڈ میں صرف اپنے ڈومیسٹک کاؤنٹی کنٹریکٹ اور کچھ اسپانسر شپ کے معاملات کے سلسلے میں آئے ہیں۔ انہوں نے صاف الفاظ میں کہا ہےکہ وہ قومی ٹیم نہیں چھوڑ رہے نہ اب، نہ مستقبل قریب میں۔ ان کے مطابق ان کی توجہ پاکستان پر ہے اور وہ اسی ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔

جہاں تک ان کے کیریئر کا تعلق ہے تو یہ ابھی شروعات کا مرحلہ ہے۔ انہیں بین الاقوامی سطح پر زیادہ مواقع نہیں ملے۔ اب تک وہ پاکستان کے لیے صرف تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 36 رنز بنائے یعنی ان کا اوسط 12 ہے۔ یہ بڑی تعداد نہیں مگر شروع کے لیے ٹھیک ہے۔
پی ایس ایل میں وہ سیزن 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے لیکن صرف ایک ہی میچ کھیلنے کا موقع ملا جس میں وہ صرف سات رنز بنا سکے۔
اگر ان کے مجموعی ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے اب تک 35 میچز کھیلے ہیں۔ ان میچز میں انہوں نے 599 رنز بنائے ہیں جن میں تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ ان کا بیٹنگ اوسط 20 سے تھوڑا کم ہے اور اسٹرائیک ریٹ 118 کے قریب ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان نے بھارت میں ہونے والے ہاکی ٹورنامنٹس میں شرکت سے انکار کر دیا