سندھ مینیمم ویجز بورڈ نے مزدوروں کی کم از کم ماہانہ تنخواہ میں 3,000 روپے اضافے کی تجویز دی ہے۔ یہ تجویز صوبائی حکومت کو بھیجی گئی ہے جس میں موجودہ کم از کم اجرت میں 8.1 فیصد اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس اضافے کے بعد کم از کم اجرت 37,000 روپے سے بڑھا کر 40,000 روپے ماہانہ کر دی جائے گی۔
اگر حکومت اس تجویز کی منظوری دیتی ہے تو نئی اجرت یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگی اور سندھ بھر کی 60 صنعتوں پر لاگو ہو گی۔
یہ اضافہ درج ذیل تمام اقسام کے مزدوروں کے لیے ہوگا:
غیر ہنر مند بالغ اور نو عمر افراد
نیم ہنر مند
ہنر مند
اعلیٰ ہنر مند
تجویز کے مطابق نئی ماہانہ اجرتیں کچھ یوں ہوں گی:
نیم ہنر مند: 41,280 روپے
ہنر مند: 48,910 روپے
اعلیٰ ہنر مند: 50,868 روپے
Sindh notifies Rs40,000 minimum wage for 2025-26https://t.co/3Jixhlaag0
— PkRevenue (@pkrevenue) July 5, 2025
یہ سفارشات سندھ گورنمنٹ گزٹ میں شائع کی گئی ہیں جسے بورڈ کے سیکریٹری محمد نعیم منگی نے جاری کیا۔ کوئی بھی شخص یا ادارہ اس تجویز پر اعتراض دینا چاہے تو وہ 14 دن کے اندر اعتراض جمع کروا سکتا ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ اجرتیں کم از کم حد ہیں زیادہ سے زیادہ نہیں۔ اگر کوئی آجر پہلے سے زیادہ تنخواہ دے رہا ہے تو وہ تنخواہ کم نہیں کی جا سکتی۔ بلکہ کمپنیز اپنی مرضی سے یا کسی باہمی معاہدے کے تحت ملازمین کو تجربے، مہنگائی یا دیگر وجوہات کی بنیاد پر اس سے زیادہ تنخواہ بھی دے سکتی ہیں۔
یہ نئی اجرتیں ان تمام فل ٹائم ملازمین پر لاگو ہوں گی جنہیں وقت کی بنیاد پر یا پیس ریٹ (ٹکڑوں کے حساب سے) ادائیگی کی جاتی ہے اور یہ اس دن سے نافذ ہوں گی جس دن محکمہ محنت و انسانی وسائل سندھ اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ اسمبلی نے مالی سال 2025-26 کا 3450 ارب روپے کا بجٹ منظور کر لیا