پاکستان نے ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ جنوبی کوریا کے شہر جیونجو میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستانی ٹیم نے مالدیپ کو 60 کے مقابلے میں 35 پوائنٹس سے شکست دی ہے۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان کی ٹیم ناقابلِ شکست رہی اور ہر میچ میں شاندار مہارت اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آریان صدر ثمین ملک اور سیکریٹری جنرل محمد ریاض نے ٹیم کو اس زبردست کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
جیونجو ہواسان جمنازیم میں جاپان کے خلاف سیمی فائنل میں بھی پاکستان نے شاندار کھیل پیش کیا اور 64-39 سے فتح حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم نے آغاز سے ہی میچ پر گرفت قائم رکھی پہلے کوارٹر میں 21-7، ہاف ٹائم پر 34-19 اور تیسرے کوارٹر تک 42-28 کی برتری حاصل کی اور آخر میں بھرپور انداز میں فتح سمیٹی ہے۔
یہ فتح پاکستان کی ٹورنامنٹ میں مسلسل چھٹی کامیابی تھی۔ اہم کھلاڑیوں جیسے لیہ رضا شاہ، علیشہ نوید، سمیہ کوثر، حلیمہ، جاسمین فاروق، امانی، پریسا اور فرح رشید نے اٹیک اور ڈیفنس دونوں میں بہترین کارکردگی دکھا کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔
یہ چیمپئن شپ ایشین نیٹ بال فیڈریشن کے تحت منعقد کی گئی تھی جس میں کل 11 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا:
گروپ اے میں ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور بھارت شامل تھے
جبکہ گروپ بی میں پاکستان، چائنیز تائپی، جاپان، کوریا، مالدیپ اور سعودی عرب کی ٹیمیں شامل تھیں۔
پاکستان کی شاندار کارکردگی اور چیمپئن شپ جیتنا ملک میں نیٹ بال کے بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ اور روشن مستقبل کی واضح علامت ہے۔