پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوسرے وارم اپ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوورز میں 188 رنز بنائے جسے پاکستان نے صرف پانچ وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
پاکستان کی فتح میں سب سے اہم کردار اوپنر اور نائب کپتان
منیبہ علی نے ادا کیا ہے جنہوں نے 113 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہیں۔ ان کا ساتھ نتالیہ پرویز نے دیا جنہوں نے 60 گیندوں پر 53 رنز بنائے ہیں۔ گل فیروزہ نے بھی 28 رنز سکور کیے ہیں۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی باؤلنگ لائن نے بھی بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سعدیہ اقبال نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 21 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں ہیں ۔ نشرہ سندھو نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان فاطمہ ثناء، ڈیانا بیگ اور رامین شمیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شابیقہ گوجنابی نے 68 رنز بنائے جبکہ جینیلیا گلاسگو نے 41 رنز اسکور کیے۔
یہ وارم اپ میچ پاکستان کی وارم اپ مرحلے میں مسلسل دوسری کامیابی تھی۔ اس سے قبل پاکستان نے تھائی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کا آغاز 9 اپریل سے ہو رہا ہے جہاں پاکستان میزبان ملک کے طور پر آئرلینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا جبکہ ویسٹ انڈیز کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے ہو گا۔
یہ کوالیفائر ٹورنامنٹ دو ٹیموں کو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع فراہم کرے گاجو آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ساتھ ورلڈ کپ کھیلیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی اسکواڈ برائے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025