پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے لیے ایک شاندار اور معروف تبصرہ نگاروں پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس کا آغاز 11 اپریل 2025 سے ہوگا۔ اس سال لیگ کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم فائنل کی میزبانی کرے گا۔
پی ایس ایل 10 کےلیے بین الاقوامی کمنٹیٹرز
انگلش ٹیسٹ کپتان سر ایلسٹر کک نے پی ایس ایل کی کمنٹری میں پہلی بار شمولیت اختیار کی ہے۔ ان کے ساتھ مارک نکولس ہوں گے جو ایک معروف کمنٹیٹر اور سابق ایم سی سی صدر رہ چکے ہیں۔ وہ اسکائی اسپورٹس اور چینل 9 جیسے بڑے اداروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔
دیگر بین الاقوامی کمنٹیٹرز میں ڈومینک کورک اور مارک بچر (انگلینڈ)، جے پی ڈومنی اور مائیک ہیزمین(جنوبی افریقہ)، اطہر علی خان(بنگلہ دیش)، مارٹن گپٹل (نیوزی لینڈ) اور لیزا ستھالیکر (آسٹریلیا کی دو بار ویمنز ورلڈ کپ ونر) شامل ہوں گے۔
پی ایس ایل 10 کےلیے پاکستانی کمنٹیٹرز
پاکستان کی جانب سے سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم، وقار یونس، رمیز راجہ اور عامر سہیل کمنٹری پینل کا حصہ ہوں گے۔ وسیم اور وقار جو کہ آئی سی سی اور پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہیں اپنی دہائیوں پر محیط تجربے کے ساتھ دلچسپ تجزیے پیش کریں گے۔
ان کے ساتھ بازید خان , سابق خواتین ٹیم کپتان عروج ممتاز اور معروف کرکٹ اینالسٹ سکندر بخت شامل ہوں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں پہلی بار اردو میں کمنٹری نشر کی جائے گی جو اردو زبان میں کھیل دیکھنے والے شائقین کے لیے ایک خوش آئند اقدام ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس کی ٹکٹوں کی فروخت شروع