اماراتی ہلالِ احمر (امارات ریڈ کریسنٹ) نے رمضان المبارک کے دوران پاکستان کے صوبہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں ہزاروں افطار باکسز تقسیم کئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے نے اس اقدام کو انسانی ہمدردی اور غربت کے شکار پاکستانیوں میں خوشی بانٹنے کا حصہ قرار دیا ہے۔
امارات ریڈ کریسنٹ ہر سال پاکستان میں رمضان کے دوران افطار باکسز تقسیم کرتا ہے تاکہ مستحق افراد بھی افطار کر سکیں۔ اس اقدام کا مقصد غریب افراد کی مدد کرنا ہے۔
دیہی علاقوں میں امارات ریڈ کریسنٹ کی امدادی سرگرمیاں
متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے کے مطابق، اماراتی ہلال احمر نے اس سال بھی پاکستان کے دیہی علاقوں، خاص طور پر سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں، ہزاروں افطار باکسز تقسیم کیے ہیں۔
قونصل خانے کے ایک بیان میں کہا گیا:
“روزہ دار افراد روزانہ ہزاروں کی تعداد میں اماراتی ہلالِ احمر کے افطار دسترخوان منصوبے سے مستفید ہو رہے ہیں۔ یہ منصوبہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں جاری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک پہنچا جا سکے۔”
قونصل خانے کے مطابق، ہلال احمر کی اولین ترجیح یہ ہے کہ افطار باکسز کو اعلیٰ ترین معیارات اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کیا جائے تاکہ روزہ داروں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔
مستحقین کے چہروں پر خوشی بکھیرنے کا عزم
اماراتی ہلالِ احمر کے ڈائریکٹر حمد بخیت عتیق الریمیثی نے اس موقع پر کہا:
“دوسروں کے چہروں پر خوشی بکھیرنا دلی سکون اور اطمینان کا باعث بنتا ہے۔ رمضان سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ محبت، عید الفطر کی خوشیوں کو دوگنا کر دے گا۔”