آج ملک بھر میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 148ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ یہ دن قومی تعطیل کے طور پر منایا جا رہا ہے، اور تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرا رہا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ کراچی میں مزار قائد پر صبح کے وقت پروقار تقریبِ تبدیلی گارڈز منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
قائد اعظم کی سالگرہ کی تقریب کی تفصیلات
تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول، میجر جنرل افتخار حسن چوہدری تھے، جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا، مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ اس موقع پر بابائے قوم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
اس سے قبل مزار قائد پر قرآن خوانی کا انعقاد بھی کیا گیا۔
ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی آج کے دن کی مناسبت سے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کر رہے ہیں۔
حکومتی عہدیداران کی شرکت
سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے آج صبح سندھ کابینہ کے اراکین کے ہمراہ مزار قائد کا دورہ کیا۔ انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور بابائے قوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر اور وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو قائداعظم کے خوابوں کے مطابق ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنایا جائے گا۔ انہوں نے ملک کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے جوانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔