دبئی میں منعقدہ عالمی خواتین فورم 2024 کے دوران پاکستان کی خاتونِ اول اور رکن قومی اسمبلی عاصفہ بھٹو زرداری نے مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ ان کا مقصد ثقافتی تعاون کو فروغ دینا، خواتین کی شراکت داری کو مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرنا تھا۔
عاصفہ بھٹو نے اس موقع پر دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کی چیئرپرسن شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد آل مکتوم سے بھی ملاقات کی اور دبئی کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور مستقبل کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے پر گفتگو کی۔ ان ملاقاتوں کا خاص محور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا تھا۔
عالمی خواتین فورم، جو مدینت جمیرا میں منعقد ہوا، 130 سے زائد سیشنز پر مشتمل تھا اور اس میں 65 ممالک کے 250 سے زائد عالمی رہنما، وزراء اور ماہرین نے شرکت کی۔ یہ فورم خواتین کو سماجی اور پیشہ ورانہ طور پر بااختیار بنانے اور عالمی سطح پر صنفی مساوات کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے ۔
عاصفہ بھٹو نے ایک سیشن میں خواتین کو اپنی اقدار پر قائم رہنے اور اپنی آواز کو کمزور نہ ہونے دینے کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان خواتین کو اپنے کردار کو پہچاننا ہوگا تاکہ وہ معاشرتی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں ۔
فورم کے دوران منعقدہ ثقافتی عشائیے نے دبئی کے تاریخی علاقے الشنداغہ کے ذریعے مہمانوں کو اماراتی ورثے سے روشناس کرایا۔ اس میں خواتین فنکاروں کے آرٹ ورک کے ذریعے دبئی کی ثقافت اور روایات کا خوبصورت امتزاج پیش کیا گیا۔