اسلامی کیلنڈر، جسے ہجری یا قمری کیلنڈر کہا جاتا ہے، مسلمانوں کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ یہ کیلنڈر 12 مہینوں پر مشتمل ہے جو قمری چکر پر مبنی ہیں۔ اس کا آغاز 622 عیسوی میں رسول اللہ ﷺ کی مکہ سے مدینہ ہجرت کے واقعے سے ہوا۔ ہر اسلامی مہینہ ایک خاص دینی، تاریخی یا روحانی اہمیت رکھتا ہے جس کا ذکر ہم اپنی اس تحریر میں کریں گے۔
اسلامی مہینوں کے نام، معنی اور اہمیت
1. محرم الحرام
معنی: “حرمت والا مہینہ”
اہمیت: اسلامی سال کا آغاز محرم سے ہوتا ہے۔ یہ چار مقدس مہینوں میں سے ایک ہے۔ 10 محرم کو عاشورہ کا دن منایا جاتا ہے، جس میں سیدنا حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کو یاد کیا جاتا ہے۔
2. صفر
اہمیت: صفر میں مختلف اسلامی جنگیں اور ہجرت کے واقعات ہوئے۔ بعض لوگ اسے منحوس جانتے ہیں جبکہ اسلام میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ احادیث کے مطابق صفر منحوس مہینہ نہیں ہے لہذا ایسا عقیدہ نہیں رکھنا چاہیے۔
3. ربیع الاول
معنی: “پہلی بہار”
اہمیت: یہ نبی کریم ﷺ کی ولادت کا مہینہ ہے۔ مسلمان 12 ربیع الاول کو میلاد النبی ﷺ مناتے ہیں اور سیرت کو پڑھ کر اس پر عمل کی کوشش کرتے ہیں۔
4. ربیع الثانی
معنی: “دوسری بہار”
اہمیت: اس مہینے میں کئی مشہور اسلامی شخصیات کی پیدائش اور وفات ہوئی۔ مشہور بزرگ غوث اعظم شیخ عبد القادر جیلانی علیہ الرحمتہ بھی اسی ماہ پیدا ہوئے۔
5. جمادی الاول
معنی: “خشک زمین کا پہلا حصہ”
اہمیت: اس مہینے میں جنگ موتہ کا واقعہ پیش آیا۔
6. جمادی الثانی
معنی: “خشک زمین کا دوسرا حصہ”
اہمیت: اس مہینے میں حضرت فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا کی وفات ہوئی۔
7. رجب
معنی: “احترام کرنا”
اہمیت: یہ مقدس مہینوں میں سے ایک ہے۔ اس میں معراج کا عظیم واقعہ پیش آیا۔
8. شعبان
معنی: “تقسیم یا بکھرنا”
• اہمیت: شعبان کو رمضان کی تیاری کا مہینہ کہا جاتا ہے۔ 15 شعبان کو شب برات بھی منائی جاتی ہے۔
9. رمضان
اہمیت: قرآن مجید کا نزول اسی مہینے میں ہوا۔ روزے رکھنا اور لیلتہ القدر کی عبادت اس مہینے کی نمایاں خصوصیات ہیں۔
10. شوال
معنی: “بلند ہونا”
اہمیت: عید الفطر اسی مہینے میں منائی جاتی ہے۔ 6 شوال کے روزے رکھنے کی خصوصی فضیلت ہے۔
11. ذوالقعدہ
معنی: “بیٹھنے کا مہینہ”
اہمیت: یہ بھی ایک مقدس مہینہ ہے۔ اس میں لڑائی جھگڑے کی ممانعت ہے اور حج کی تیاری کا وقت ہوتا ہے۔
12. ذوالحجہ
معنی: “حج کا مہینہ”
اہمیت: یہ مہینہ حج اور قربانی کی عبادات کے لیے مختص ہے۔ اس کے پہلے 10 دنوں کو خاص طور پر فضیلت حاصل ہے، جن میں یوم عرفہ اور عید الاضحی شامل ہیں۔
چار مقدس مہینوں کی اہمیت
اسلامی تقویم میں چار مہینے مقدس قرار دیے گئے ہیں:
• محرم
• رجب
• ذوالقعدہ
• ذوالحجہ
یہ مہینے امن و سکون، عبادات، اور نیکی کے فروغ کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں جنگ و جدل کی ممانعت اور اللہ کے قرب کے حصول کے لیے زیادہ عبادات کی ترغیب دی گئی ہے۔
اسلامی کیلنڈر کی خصوصیات
• قمری چکر: اسلامی کیلنڈر قمری چکر پر مبنی ہے، جس میں سال 354 یا 355 دن پر مشتمل ہوتا ہے۔
• عبادات کی تعیین: اسلامی مہینوں کے مطابق روزے، حج، عیدین، اور دیگر اہم عبادات مقرر کی جاتی ہیں۔
• روحانی تربیت: ہر مہینہ مسلمانوں کو ان کے عقائد اور اعمال پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔