پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن نے چھ ماہ بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کرسٹن کے درمیان مختلف امور پر اختلافات کے بعد سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گیری کرسٹن کو اپریل 2024 میں دو سالہ معاہدے پر مقرر کیا گیا تھا لیکن ٹیم کی کارکردگی اور چند دیگر امور کے باعث ان کا معاہدہ جلد ختم ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق گیری کرسٹن کے اور ٹیسٹ کوچ جیسن گلیسپی کے درمیان اختلافات خاص طور پر ٹیم کی سلیکشن سے متعلق تھے جو ان کے استعفے کی بنیادی وجہ بنے۔ پی سی بی نے حال ہی میں فیصلہ کیا کہ سلیکشن کے امور اب کوچز کے بجائے صرف سلیکشن کمیٹی کے دائرہ اختیار میں ہوں گے جو گیری کرسٹن کے لیے ایک مسئلہ بن گیا۔
گیری کرسٹن کی روانگی کے بعد پاکستان ٹیم کے اگلے دورہ آسٹریلیا کے لیے جیسن گلیسپی کو وائٹ بال کوچ کی عارضی ذمہ داری دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کو حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں مایوس کن کارکردگی کا سامنا کرنا پڑا جہاں وہ بھارت اور امریکہ سے شکست کے بعد ابتدائی مراحل میں ہی باہر ہوگئی۔ گیری کرسٹن کے استعفے کے بعد اب پی سی بی کو وائٹ بال فارمیٹس کے لیے نئے کوچ کی تلاش ہے جو پاکستان ٹیم کو مستقبل کی سیریز اور ٹورنامنٹس میں بہتر کارکردگی دلوا سکے ۔