پاکستان کی تاریخ میں چند اہم سیاسی رہنماؤں نے اپنی خدمات اور جدوجہد سے ناقابلِ فراموش اثر چھوڑا ہے۔ آج ہم ان پقکستانی سیاستدانوں کا ذکر کریں گے جو اس دنیائے فانی سے رخصت ہو چکے ہیں لیکن ان کی محبت میں پاکستانی عوام کے دل آج بھی دھڑکتے ہیں۔
قائد اعظم محمد علی جناح
پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلمانوں کے حقوق کے لئے انتھک جدوجہد کی اور 1947 میں پاکستان کا قیام ممکن بنایا۔ ان کی قیادت اور دو قومی نظریہ کا تصور آج بھی پاکستان کی شناخت کا اہم حصہ ہے۔ آج ہر پاکستانی ان کو بہترین سیاست دان تسلیم کرتا ہے۔
لیاقت علی خان
پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان نے ابتدائی دنوں میں ملکی استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اقتصادی اور دفاعی پالیسیوں کو تشکیل دینے میں مدد کی اور آئینی نظام کی بنیاد رکھی۔ انہیں 1951 میں ایک جلسے میں قتل کر دیا گیا لیکن ان کی خدمات آج بھی یاد کی جاتی ہیں۔
ذوالفقار علی بھٹو
ذوالفقار علی بھٹو ایک متحرک سیاسی رہنما تھے جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور ملک کو 1973 کا آئین فراہم کیا۔ ان کی فلاحی پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے انہیں عوام میں مقبولیت حاصل ہوئی۔ 1979 میں انہیں پھانسی دی گئی اور ان کا نام آج بھی ملکی سیاست میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔
بینظیر بھٹو
بینظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون سربراہِ حکومت بنیں۔ انہوں نے اپنے والد کے بعد پارٹی کی قیادت سنبھالی اور جمہوریت کے فروغ کے لئے کام کیا۔ 2007 میں راولپنڈی میں ایک انتخابی جلسے کے دوران ان کو قتل کر دیا گیا اور ان کی قربانی آج بھی جمہوری جدوجہد کی علامت ہے۔
خادم حسین رضوی
تحریک لبیک پاکستان کے بانی خادم حسین رضوی نے مذہبی اور سیاسی میدان میں اپنی منفرد شناخت بنائی۔ 2017 میں فیض آباد دھرنے کی قیادت سے انہیں شہرت ملی۔ ان کا انتقال 2020 میں ہوا اور پاکستانی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ ہوا۔ ان کی جماعت ان کے نظریات کو آج بھی آگے بڑھا رہی ہے۔