کراچی کے شہریوں کو اکتوبر اور نومبر 2024 میں بجلی کے بلوں میں نمایاں اضافے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ اضافہ بنیادی طور پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کے الیکٹرک کے صارفین پر عائد کیا گیا ہے۔
نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی ہے جو کہ فی یونٹ 4.45 روپے تک بڑھ سکتی ہے۔
یہ اضافہ 2022-23 کے مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا جا رہا ہے، اور اکتوبر و نومبر کے بلوں میں صارفین سے وصول کیا جائے گا۔
اس اضافے کی شدت مختلف صارفین کے لیے مختلف ہو گی۔ جو صارفین ماہانہ 300 یونٹس تک بجلی استعمال کرتے ہیں، ان کے لیے فی یونٹ اضافہ 1.48 روپے ہوگا، جبکہ 301 یا اس سے زیادہ یونٹس استعمال کرنے والوں کے لیے یہ اضافہ 3.21 روپے فی یونٹ ہو گا۔
مزید برآں، بجلی کے بلوں میں اضافے کی ایک اور وجہ مئی 2024 کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) بھی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو فی یونٹ 5.75 روپے تک اضافی ادائیگی کرنا پڑ سکتی ہے۔