کیا آپ کو بھی نیند کے مسائل کا سامنا ہے۔ اس کی بہت ساری وجوہات ہو سکتی ہیں۔ تاہم، ایک تحقیق میں موبائل فون اور نیند کے مسائل کے درمیان تعلق پایا گیا ہے۔
اگر آپ سونے سے پہلے الیکٹرانک آلات کا استعمال کرتے ہیں، فون کے ذریعے اسکرولنگ کرتے ہوئے یا اپنے پسندیدہ ٹی وی شو کو دیکھتے ہوئے سو جاتے ہیں تو آپ کو اپنی اس عادت پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسکرین والے الیکٹرانک آلات نیلی روشنی خارج کرتے ہیں جو میلاٹونن کی پیداوار میں خلل ڈال سکتا ہے۔ میلاٹونن ایک ہارمون ہے جو آپ کو نیند آنے میں مدد کرتا ہے۔ نیلی روشنی آپ کے دماغ کو اشارہ کرتی ہے کہ یہ جاگنے کا وقت ہے۔
اگرچہ اس سے آپ کو دن کے وقت جاگنے میں مدد مل سکتی ہے لیکن اس سے رات کو نیند کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس سب سے نا صرف نیند کی کمی واقع ہوسکتی ہے بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ آپ کی ذہنی اور جسمانی صحت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
آپ کو چاہیے کہ الیکٹرانک ڈیوائسز کے نیلی روشنی کے اثرات کو کم سے کم کریں۔ نیلی روشنی کے اثرات سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ سونےسے کم از کم 1 گھنٹہ پہلے اپنے آلات کو بند کر دیں۔
جب آپ سونے لگیں تو اپنے کمرے کی روشنی کو کم کر دیں تاکہ آپ کے دماغ کو یہ سوچنے میں مدد ملے کہ دن کا وقت ختم ہوچکا ہے اور رات سونے کا آغاز ہوا چاہتا ہے۔
سونے سے پہلے سوشل میڈیا پر پوسٹس اسکرول کرنے کے بجائے آپ کوئی صحت مند ایکٹویٹی میں وقت گزار کر سکتے ہیں جیسا کہ کتاب پڑھنا۔
رات گئے دیر سے کچھ بھی کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے اور سونے سے پہلے کوئی ایسی چیز نہیں پینی چاہیے جس میں کیفین یا الکحل ہو جیسا کہ چائے یا کافی بھی اس میں شامل ہے۔