لوگوں کا پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول کے معاہدے کا خیرمقدم
معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول کے معاہدے پر دستخط کو خوش آئند قرار دیا ہے جس کے تحت پاکستان کو اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کے تحت تین ارب ڈالر ملیں گے۔
ممتاز ماہر معاشیات عابد قیوم سلہری نے کہا ہے کہ یہ ایک اچھا قدم ہے جس کے نتیجے میں ملک میں مزید معاشی استحکام آئے گا اور پاکستان کو ڈیفالٹ جیسی صورتحال سے بچنے میں مدد ملے گی۔
قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر وسیم شاہد نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پاکستان کی زرمبادلہ کی ادائیگیوں پر مثبت اثر ڈالے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے دنیا کے دیگر ممالک سے قرضوں کی آسانی سے دستیابی میں بھی مدد ملے گی جس سے زرمبادلہ کا بحران ختم ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں | دبئی اجلاس میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اختلافات دور کرنے میں ناکام
خیبرپختونخوا چیمبر آف کامرس کے سابق سینئر نائب صدر شاہد حسین نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچائے گا۔
صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ برین ڈرین کو بھی روک دے گا جس سے مثبت پیداوار حاصل ہو سکتی ہے۔