پیپلز پارٹی نے سینیٹرز کو مزید مراعات دینے کا بل مسترد کر دیا
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سینیٹ چیئرمین، نائب، اراکین اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو مخصوص مراعات کے ساتھ ساتھ الاؤنسز کا حق دینے والے بل کو مسترد کر دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ عطا مری نے چیئرمین سینیٹ (تنخواہ، الاؤنسز اور مراعات) بل 2024 کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین سینیٹ سے متعلق بل کو مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے بھی مراعات یافتہ افراد کو غیر معمولی سہولیات فراہم کرنے والے بلوں پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ پی پی پی کے انفارمیشن سیکریٹری ہونے کے ناطے مری نے کہا کہ بل پارٹی قیادت کے علم میں نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی پارٹی لائن کے مطابق نہیں ہیں اور ان کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں | بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن سے خطاب سے انکار
انہوں نے انکشاف کیا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے کئی سینئر رہنماؤں نے پیر کی صبح بلوں پر غور کیا اور نہ صرف انہیں "مسترد” کیا بلکہ ایسے بلوں کی منظوری پر تحفظات کا اظہار کیا کیونکہ قوم انتہائی مشکل حالات سے گزر رہی ہے۔ شدید مالی بحران کی وجہ سے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔