عام انتخابات 2023 کب ہوں گے؟
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما فریال تالپور نے کہا ہے کہ عام انتخابات جلد ہو سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد اگلے عام انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی کا میئر پاکستان پیپلز پارٹی سے ہو گا چاہے پیپلز پارٹی کا کوئی بھی رکن میئر شپ کے لیے نامزد ہو۔
عبوری حکومت کی فوری انتخابات کی مخالفت
اس سے قبل، پنجاب کی عبوری حکومت نے پیر کو صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، خاص طور پر 9 مئی کے تشدد کے بعد صوبے میں فوری انتخابات کی مخالفت کی تھی۔
سپریم کورٹ نے 5 اپریل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کی ہدایت کی۔ صوبائی چیف سیکرٹری کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں پنجاب کی عبوری حکومت نے انتخابات کے فوری انعقاد کی مخالفت کی۔
یہ بھی پڑھیں | فوج سے لڑائی نہیں، الیکشن ہمارا واحد مطالبہ ہے، عمران خان
پنجاب کی عبوری حکومت نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ 9 مئی کے سانحے کے بعد پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بدل گئی ہے جبکہ صوبے میں فوجی تنصیبات اور دیگر عوامی املاک پر حملے، توڑ پھوڑ اور جیلاؤ گھیراؤ کیا گیا ہے۔
جواب میں مزید کہا گیا کہ پرتشدد مظاہروں کے دوران پولیس کی 97 گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا اور 162 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ الیکشن کے دوران سیکیورٹی کے لیے 554000 اہلکاروں کی ڈیمانڈ کا حوالہ دیتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا کہ اگر انتخابات ہوئے تو سیکیورٹی کے لیے صرف 77000 اہلکار موجود ہوں گے۔