ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ذیلی دفتر کے سربراہ ڈاکٹر بابر عالم نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم خیبرپختونخوا (کے پی) کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 50 اسپتالوں کی بحالی اور فعال کرنے کی ذمہ داری لے رہی ہے۔
انہوں نے یہ گفتگو نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر عابد جمیل سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کی۔
ملاقات میں ڈبلیو ایچ او اور محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے حکام نے تکنیکی معاونت جاری رکھنے، محکمہ صحت کی استعداد کار بڑھانے، دور دراز علاقوں میں صحت مراکز میں بہتری لانے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہسپتالوں کی بحالی پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر مشیر نے ڈبلیو ایچ او سے دور دراز علاقوں میں صحت مراکز میں بہتری لانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کی درخواست کی۔ انہوں نے سیلاب اور کورونا وبا سمیت مختلف قدرتی آفات میں صوبے کو تعاون فراہم کرنے پر بین الاقوامی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کا باضابطہ شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں | حکومت نے تین بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ شروع کر دی
یہ بھی پڑھیں | محکمہ موسمیات کی کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی
صحت مراکز پر 314 ملین روپے خرچ ہوں گے
ڈبلیو ایچ او کے اہلکار نے کہا ہے کہ تنظیم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت مراکز کی بحالی پر 314 ملین روپے خرچ کر رہی ہے اور تعمیر نو کے ساتھ ساتھ ان ہسپتالوں کو فرنیچر اور آلات جراحی بھی فراہم کرے گی۔
مشیر نے ڈبلیو ایچ او کے حکام سے آپریشن تھیٹرز، انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) اور ہسپتالوں کی تعمیرات کے لیے ماڈلز کی فراہمی کی بھی درخواست کی۔ انہوں نے ہسپتالوں میں ویسٹ مینجمنٹ اور نکاسی آب کے نظام کے انتظامات میں تکنیکی مدد فراہم کرنے کی درخواست کی۔