مسلم لیگ ضیاء کے چیف اعجاز الحق پی ٹی آئی کا حصہ بن گئے
پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ضیاء الحق کے صاحبزادے اعجاز الحق نے یہ اعلان پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے زمان پارک لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد کیا۔
یہ بھی پڑھیں | ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اس سال کوویڈ ایمرجنسی کے خاتمے کے لئے پرامید
آئندہ الیکشن تحریک انصاف کے ٹکٹ پر لڑوں گا
اعجاز الحق نے کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کافی عرصے سے وابستہ ہیں اور اب باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن تحریک انصاف کے ٹکٹ پر لڑوں گا۔
اعجاز الحق کا تعارف
اعجاز الحق نے 1988 میں اپنے والد کی طیارہ حادثے میں موت کے بعد سیاست میں شمولیت اختیار کی۔
وہ 1990 اور مئی 2008 کے درمیان پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن رہے۔ وہ پاکستان میں آمرانہ حکومتوں کے دوران سب سے زیادہ سرگرم رہے۔
انہوں نے 2004 سے 2007 تک جنرل پرویز مشرف کی حکومت میں مذہبی امور اور اقلیتوں کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ 1990 سے 1993 تک نواز شریف کی حکومت میں محنت، افرادی قوت اور سمندر پار پاکستانیوں کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔