چوہدری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب
آج جمعرات کی صبح ہنگامہ خیز اجلاس میں وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ اپوزیشن نے ووٹنگ کو جعلی اور غیر آئینی قرار دے کر واک آؤٹ کر دیا۔
اجلاس کی صدارت کرنے والے سپیکر سبطین خان نے کہا کہ پرویز الٰہی نے 186 ووٹ حاصل کیے ہیں جو کہ ان کے عہدے پر برقرار رہنے کے لیے درکار تعداد ہے۔
اپوزیشن کا واک آؤٹ
ووٹنگ سے پہلے، حکومت اور اپوزیشن کے قانون ساز اسپیکر کے ڈائس کے ارد گرد جمع ہوئے اور ہلہ بازی کی۔ کچھ دیر بعد اپوزیشن اراکین اسمبلی نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور واک آؤٹ کر دیا۔
پنجاب اسمبلی کے باہر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اجلاس کی کارروائی کو “قواعد اور آئین کے منافی” قرار دیا اور اسپیکر پر اعتماد کے ووٹ کو “بلڈووز” کرنے کا الزام لگایا۔
یہ بھی پڑھیں | وزیر آباد حملے کے جے آئی ٹی ممبران پر پریشر ڈالا جا رہا ہے: عمران خان
یہ بھی پڑھیں | بلدیاتی انتخابات:کراچی، حیدرآباد میں 727 امیدوار بلا مقابلہ منتخب
عدالت میں چیلنج
اعتماد کے ووٹ کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا: ن لیگی رہنما
رانا ثناء اللہ اور ن لیگ کے ایک اور رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
قبل ازیں، پی ٹی آئی کے نائب صدر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی اور پی ایم ایل-ق اتحاد کو 187 ایم پی ایز کی حمایت حاصل ہے۔
قانونی نقطہ نظر سے ووٹنگ
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ قانونی نقطہ نظر سے ووٹنگ کسی بھی وقت ہو سکتی ہے کیونکہ سیشن ابھی جاری ہے۔ انہوں نے قانون سازوں کو اپنی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے پیش کی جانے والی رشوت کو مسترد کرنے پر سراہا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر اعتماد کا ووٹ لیا گیا تو کیا لائحہ عمل ہوگا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اس کے بعد پارٹی ہائی کورٹ سے پٹیشن واپس لے گی اور کل صبح تک پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سمری بھیجے گی۔