عمرہ کسے کہتے ہیں؟
ایام حج کے علاوہ اللہ تعالیٰ کے گھر کی زیارت اور ساتھ خاص دیگر عبادات کے مجموعے کا نام عمرہ ہے۔ عمرہ میں میقات سے احرام باندھنا، عمرہ کی نیت کرنا، تلبیہ پڑھنا ، طواف اور سعی کرنا اور پھر آخر میں حلق کرانا ہوتا ہے۔
عمرہ کے دو فرائض ہیں:
اول۔ حدودِ حرم سے پہلے احرام باندھنا
دوم۔ طواف کرنا
یہ چھوٹ جائیں تو عمرہ سرے سے نہیں ہوتا ہے۔
عمرہ کے دو واجبات ہیں
اول۔ صفا و مروہ کے درمیان سعی کرنا
دوم۔ حلق (یعنی سر کے بال منڈوانا) ہے یا قصر (سر کے بال کم کرنا)
ان میں سے کوئی واجب رہ جائے تو بکرا بطور دم دینا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی بعض صورتوں میں دم دینا پڑ سکتا ہے۔
احرام باندھنے سے پہلے کیا کریں؟
احرام باندھنے سے پہلے جسم کی ظاہری صفائی کر لیں۔ ناخن تراشیں، زیر ناف اور بغل کے بال صاف کریں۔ مونچھیں اور داڑھی درست کریں اور نہا لیں۔ مرد سفید سلا ہوا کپڑا پہنے گا جبکہ سر ننگا رکھنا ہو گا اور دونوں بازو ڈھانپ لیں۔ خواتین کے کپڑے ہی ان کا احرام ہوں گے۔ وہ انہی کپڑوں میں نیت کر لیں۔
احرام کی نیت
نیت دل کے ارادے کو کہتے ہیں۔ دل میں نیت کر لی تو ہو گئی۔ البتہ احرام باندھنے کے بعد دو رکعت نماز احرام کی نیت سے ادا کریں۔ اس کے بعد زبان سے بھی نیت کر سکتے ہیں۔
اَللَّهُمَّ نَوَيْتُ الْعُمْرَة وَاحْرَمْتُ بِه فَتَقَبَّلْه‘ مِنِّیْ
”الہٰی میں عمرہ کی نیت کرتا ہوں اور میں نے احرام باندھ لیا ہے اسے میری طرف سے قبول فرما۔“
عمرہ کی نیت کیسے کریں؟
احرام کی نیت کے فوراً بعد مرد ننگےسر اور عورتیں سر ڈھانپ کر نیت کریں۔ عمرہ کی نیت کے مسنون الفاظ یہ ہیں:
اَللَّهُمَّ اِنِّیْ اُرِيْدُ الْعُمْرَة فَيَسِّرْهَالِیْ وَتَقَبَّلْهَا مِنِّیْ وَاَعِنِّیْ عَلَيْهَا وَبَارِکْ لِیْ فِيْهَا نَوَيْتُ الْعُمْرَة وَاَحْرَمْتُ بِهَا ِﷲِ تَعَالٰی
”اے اللہ میں نے عمرہ کا ارادہ کیا تو اس کو میرے لئے آسان کر دے اور قبول فرما اور اس کی ادائیگی میں مدد فرما۔ اور میرے لئے اس میں برکت عطا فرما۔ میں نے عمرہ کی نیت کی اور اس کے ساتھ اللہ عزوجل کے لئے احرام باندھا۔“
احرام باندھنے کے بعد تلبیہ پڑھیں
نیت کرتے ہی مرد بلند آواز سے جبکہ خواتین آہستہ آواز سے تین بار تلبیہ پڑھیں۔ تلبیہ کے الفاظ یہ ہیں:
لَبَّيْکَ اَللَّهُمَّ لَبَّيْکَ، لَبَّيْکَ لاَ شَرِيْکَ لَکَ لَبَّيْکَ، اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَة لَکَ وَالْمُلْکَ، لاَ شَرِيْکَ لَکَ-
یاد رہے کہ احرام کی نیت کے بعد تلبیہ یا کوئی سا ذکر اللہ واجب ہے۔ اگر یہ نا کیا تو دم دینا ہو گا۔
اس کے بعد جو بھی دعائیں چاہیں مانگ سکتے ہیں۔ احرام کی نیت کرنے کے بعد اب آپ پر احرام کی پابندیاں شروع ہو گئی ہیں جن کا لحاظ رکھنا ضروری ہے۔ ان پابندیوں میں خوشبو نا لگانا ، چہرہ نا چھپانا و دیگر شامل ہیں۔
مسجد الحرام مکہ میں داخل ہونے سے قبل تازہ وضو کریں اور انتہائی عجز و انکساری کے ساتھ تلبیہ کہتے ہوئے مسجد کی جانب بڑھیں۔
یہ بھی پڑھیں | سردی میں کھانے والی 3 بہترین غذائیں کون سی ہیں؟
یہ بھی پڑھیں | وہ ممالک جہاں پاکستانی بغیر ویزے کے جا سکتے
بیت اﷲ پر جب پہلی نظر پڑھے
مسجد الحرام میں داخل ہونے کے بعد کعبہ شریف جب پر پہلی نظر پڑے تو یہ کلمات پڑھی :
اَﷲُ اَکْبَرُ اَﷲُ اَکْبَرُ اَﷲُ اَکْبَرُ- لَآ اِلَهٰ اِلاَّ اﷲُ وَاﷲُ اَکْبَرُ-
اس کے بعد اللہ کے حضور ہاتھ اٹھا کر خوب دعائیں مانگیں کیونکہ یہ وقت قبولیت کا ہے۔ اس کے بعد حجرِ اسود کے بالکل سامنے آ کر طواف کی نیت کریں۔
طواف کی نیت
طواف سے قبل مرد حضرات اپنا سیدھا بازو چادر سے باہر نکال لیں گے اور حجر اسود یا اس کی سیدھ میں بنی ہوئی فرش کی کالی پٹی کے بائیں طرف کھڑے ہو کر طواف کا آغاز کریں گے۔
اِستِلام (حجرِ اسود کو بوسہ دینا یا اشارے سے چومنا)
طواف کی نیت کرنے کے بعد حجر اسود کے مقابل ہو کر کانوں تک ہاتھ اس طرح اُٹھائیں کہ ہتھیلیاں حجر اسود کی طرف رہیں اور یہ الفاظ کہیں
بِسْمِ اﷲِ وَالْحَمْدُ ِﷲِ وَاﷲُ اَکْبَرُ وَالصَّلٰوة وَالسَّلاَمُ عَلٰی رَسُوْلِ اﷲِ
اور ہاتھ چھوڑ دیں۔ ممکن ہو تو حجر اسود کو بوسہ دیں ورنہ ہاتھوں سے اس کی طرف اشارہ کرکے بوسہ دے لیں اور طواف کا آغاز کریں۔ طواف کے دوران آپ کوئی بھی دعا کسی بھی زبان میں مانگ سکتے ہیں۔ چاہیں گو درود شریف پڑھتے رہیں۔
سات چکر پورے ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر استلام کر کے طواف ختم کر دیں اور اضطباع بھی یعنی سیدھا کاندھا بھی ڈھک لیں۔
طواف ختم ہونے کے بعد
مقام ابراہیم پر یا جہاں آسانی سے جگہ مل سکے دو رکعت واجب نماز ادا کریں اور پھر دعا کریں۔
مقام ابراہیم یا کہیں بھی دو نفل سے فارغ ہونے کے بعد زم زم پیٹ بڑھ کر پئیں اور جو بچ جائے اسے چہرے اور جسم پر ملیں اور دعا مانگیں۔
طواف، نفل اور آب زم زم پینے کے بعد
یا پھر تھوڑا سا آرام کرنے کے بعد صفا و مروہ میں سعی کے لئے روانہ ہوں۔
سعی شروع کرنے کی دعا
سعی کا آغاز صفا سے کریں۔ صفا سے مروہ جب آپ جائیں گے تو یہ ایک چکر ہو جائے گا اسی طرح جب مروہ سے صفا آئیں گے تو یہ دوسرا چکر۔ یوں دات چکر مکمل کریں۔ ساتواں چکر مروہ پر ختم ہو گا۔ اس دوران جہاں گرین لائٹس آئیں وہاں مرد حںرات دوڑ لگائیں جبکہ خواتین آہستہ ہی چلیں۔ سعی شروع کرنے سے پہلے صفا میں کھڑے ہو کر خانہ کعبہ کی طرف منہ کریں اور دونوں ہاتھ اٹھا کر ہر چکر کے شروع میں دعا مانگیں۔
صفا و مروہ پر چڑھنے کی دعا
اِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَة مِنْ شَعَآئِرِ اﷲِ فَمَنْ حَجَّ الْبَيْتَ اَوِاعْتَمَرَ فَلاَ جُنَاحَ عَلَيْهِ اَنْ يَّطَّوَّفَ بِهِمَا وَمَنْ تَطَوَّعَ خَيْرًا فَاِنَّ اﷲَ شَاکِرٌ عَلِيْمٌO (القرآن)
صفا و مروہ سے اترنے کی دعا
جب آپ صفا یا مروہ سے اتریں تو اترتے وقت یہ دعا کرتے رہیں۔
اَللّٰهُمَّ اسْتَعْمِلُنْی بِسُنَّة نَبِيِّکَ صلی الله عليه وآله وسلم وَتَوَقَّنِیْ عَلٰی مِلَّتِه وَاَعِذْنِیْ مِنْ مُّضِلاَّتِ الْفِتَنِ بِرَحْمَتِکَ يَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِيْنَ-
اس دوران سعی کرتے ہوئے آپ کوئی سی دعا بھی مانگ سکتے ہیں یا چاہیں تو درود شریف پڑھتے رہیں۔
حلق یا تقصیر کریں
جب ساتویں سعی مروہ پر جاکر ختم ہو بس حلق یا تقصیر کروانا باقی رہ جاتا ہے۔ اب عمرہ زائرین مسجد الحرام سے نکل کر مرد حضرات حلق (سارے بال منڈوانا) یا تقصیر کروائیں گے جبکہ خواتین صرف سر کے پچھلے حصے سے ایک پور کے برابر بال کاٹیں گی۔
اللہ کا شکر ادا کریں کہ الحمدﷲ آپ کا عمرہ مکمل ہو گیا۔ عمرہ مکمل ہونے کے بعد آپ پر احرام کی پابندیاں بھی ختم ہو گئیں۔
اﷲ پاک سب کی عبادتیں قبول فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم