بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بلوچستان کے 32 اضلاع کی تمام یونین کونسلز (یو سی)، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں میں ریزرو نشستوں (خواتین، مزدوروں، کسانوں اور اقلیتوں) پر لوکل گورنمنٹ (ایل جی) کے انتخابات 14 دسمبر کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کوئٹہ، لسبیلہ، حب اور ضلع پشین کی میونسپل کمیٹی حرمزئی کے علاوہ 32 اضلاع میں ریزرو نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرے گا۔
کاغذات نامزدگی 7 سے 9 نومبر تک وصول کیے جائیں گے
شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 7 سے 9 نومبر تک وصول کیے جائیں گے اور امیدواروں کی ابتدائی فہرست 10 نومبر کو جاری کی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 11 سے 14 نومبر تک جاری رہے گا۔
امیدوار 15 سے 17 نومبر تک ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کر سکتے ہیں، اپیلٹ اتھارٹی 22 نومبر تک اپیلوں پر فیصلہ کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں | وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
یہ بھی پڑھیں | عمران خان پر الیکشن لڑنے کی کوئی پابندی نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ
ای سی پی امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کرے گا اور 25 نومبر کو حتمی فہرست جاری کرے گا۔ ریزرو نشستوں پر بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر کو ہوں گے۔
ایک اور بیان میں کمیشن نے لسبیلہ اور حب سمیت بلوچستان کے باقی دو اضلاع کے انتخابی شیڈول کا بھی اعلان کیا۔
امیدواروں کو انتخابی نشان 16 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے
کاغذات نامزدگی کی جانچ یکم سے 4 نومبر تک ہوگی اور اپیلیں 7 سے 9 نومبر تک دائر کی جائیں گی جب کہ اپیلٹ اتھارٹی 12 نومبر تک فیصلے کرے گی۔
امیدواروں کو انتخابی نشان 16 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے جبکہ اسی تاریخ کو حتمی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔
دونوں اضلاع میں پولنگ 11 دسمبر کو ہوگی۔ مزید برآں، کمیشن نے میونسپل کمیٹی حرمزئی – پشین ضلع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا اعلان بھی کیا۔