انوکھا جواب
میڈیا سے گفتگو کے دوران جب وزیراعظم شہباز شریف سے اے آر وائی نیوز کی بندش سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے انوکھا جواب دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جس کے بعد سکھر بیراج پر میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر صحافیوں نے ان سے اے آر وائی نیوز کی بندش سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے انوکھا جواب دیا۔
ملک کے مقبول ترین چینل اے آر وائی نیوز کی 17 روز سے بندش اور عدالتی احکامات کے باوجود نشریات بحال نہ کرنے پر سوال اٹھایا گیا، تاہم وزیراعظم نے کہا کہ یہ موقع سیاست کا نہیں، اس پر بعد میں بات ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں | جنرل قمر باجوہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے
یہ بھی پڑھیں | سیلاب کی تباہ کاریاں: معیشت کو 4 بلین ڈالر کا نقصان
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ اے آر وائی کی بندش سے متعلق پیمرا سے پوچھا جائے۔
واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کی جبری بندش کو 17 روز گزر چکے ہیں، 4 ہزار سے زائد افراد کی نوکریاں داؤ پر لگ گئی ہیں، چینل کے کارکنان اور ملک بھر کے شہریوں سمیت تمام صحافتی تنظیمیں اے آر وائی نیوز کی بحالی کے لیے بیتاب ہیں۔
احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں جب کہ سندھ ہائی کورٹ نے بھی چینل کی نشریات بحال کرنے کے احکامات دے رکھے ہیں لیکن اس کے باوجود اے آر وائی تاحال بحال نہیں ہوسکی۔