وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج منگل کو چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کی خصوصی دعوت پر چین کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ آج 29 مارچ کو افغانستان کے پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
پڑوسی ممالک کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیر خارجہ اس موٹ میں شریک مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے بات چیت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں | عثمان بزدار مستعفی؛ چوہدری پرویز الہی وزیر اعلی پنجاب منتخب
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ روسی اور ایرانی وزراء سے بھی ملاقات کریں گے۔
دفتر وزارت خارجہ نے بتایا پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے افغانستان کے بارے میں علاقائی نقطہ نظر کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان ایک پرامن، مستحکم، خود مختار، خوشحال اور منسلک افغانستان کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے بین الاقوامی برادری کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 8 ستمبر 2021 کو پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کے پہلے اجلاس کی میزبانی کرتے ہوئے افغان بحران پر علاقائی نقطہ نظر کو تیار کرنے کے لیے ستمبر 2021 میں پڑوسی ممالک کے فارمیٹ کا آغاز کیا تھا۔