فوج کے میڈیا امور ونگ نے بتایا کہ جمعرات کو شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران آٹھ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے ہمزونی کے "جنرل ایریا” میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیں | آصف علی زرداری نے تحریک عدم اعتماد کے لئے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی
سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران 6 شرپسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد علی، مطیع اللہ، محمد عمر، اختر حسین، شیر اور وسیم کے نام سے ہوئی ہے۔
دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور آلات برآمد ہوئے جن میں سب مشین گن، دستی بم، بارودی سرنگیں، ہتھکڑیاں اور بڑی مقدار میں متعدد کیلیبر راؤنڈز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔
مقابلے کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے۔ ان کی شناخت گاؤں لونی کے رہائشی فضل رحمان عرف خیری اور گاؤں روڑی کے رہائشی مہران کے نام سے ہوئی ہے۔