حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف 63 نشستیں حاصل کر کے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات 2021 میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی یے۔ جبکہ اس کے بعد مسلم لیگ (ن) دوسرے نمبر پر رہی ہے جس نے ملک بھر سے 59 نشستیں حاصل کی ہیں۔
غ غیر سرکاری اور غیر تصدیق شدہ نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے بھی انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے کیونکہ انہوں نے مجموعی طور پر 52 نشستیں حاصل کی ہیں۔
دیگر اپوزیشن جماعتوں میں پیپلز پارٹی نے 17 ، جماعت اسلامی نے سات اور عوامی نیشنل پارٹی نے دو پر کامیابی حاصل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں | میرا مقصد فوج کے خلاف بات کرنا نہیں تھا، حامد میر نے رجوع کر لیا
اتحادی جماعتوں میں سے ایم کیو ایم نے 10 جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ نشستیں جیتیں۔
آزاد امیدواروں نے پنجاب میں 32 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخواہ میں نو ، سندھ میں سات اور بلوچستان میں چار نشستیں حاصل کی ہیں۔
ایم کیو ایم نے سندھ میں اپنی تمام 10 نشستیں جیتیں جبکہ جماعت اسلامی نے سندھ میں پانچ اور پنجاب میں دو نشستیں جیتیں۔ اے این پی نے خیبر پختونخواہ میں دو جبکہ بی اے پی نے بلوچستان میں دو سیٹیں جیتیں۔
اتوار کے انتخابات میں ملک بھر سے 684 آزاد امیدوار میدان میں تھے جبکہ سیاسی جماعتوں کے 876 امیدوار ان کا مقابلہ کر رہے تھے۔ پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ 183 امیدواروں کو میدان میں اتارا ، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے 144، پیپلز پارٹی نے 133، جماعت اسلامی نے 104، متحدہ قومی موومنٹ نے 42 ، پاک سرزمین پارٹی نے 35 ، مسلم لیگ ق نے 34، جے یو آئی ف نے 25 اور تحریک لبیک پاکستان نے 83 امیدواروں کو میدان میں اتارا۔
پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا اور شام 5 بجے تک جاری رہا۔ پولنگ سٹیشن کے اندر ووٹر پولنگ کا وقت ختم ہونے کے باوجود اپنا ووٹ ڈالنے میں کامیاب رہے۔ باہر کھڑے لوگوں کے لیے دروازے بند کر دیے گئے۔