پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ انگلینڈ کے لیے 20 رکنی ٹیم اور 11 سپورٹ سٹاف کے اراکین کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بیس رکنی ٹیم کا اعلان ان تمام کھلاڑیوں کے دوسری مرتبہ کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی سکواڈ اتوار کی صبح خصوصی چارٹرڈ پرواز پر مانچسٹر روانہ ہو گا جہاں یہ ٹیم اگست اور ستمبر میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔
پہلے مرحلے میں 10 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے تھے جن میں فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ ان 6 کھلاڑیوں کے اگلے ہفتے دوبارہ کوویڈ19 ٹیسٹ ہوں گے۔
جبکہ حیدر علی، حارث رؤف ، کاشف بھٹی اور عمران خان کے کوویڈ19 ٹیسٹ دوسری مرتبہ بھی مثبت آئے ہیں۔
زرائع کے مطابق ٹیسٹ مثبت آنے پر محمد حفیظ نے اگلے دن ہی ایک نجی لیب سے ٹیسٹ کروایا تھا جو منفی آیا تھا لیکن انھیں پھر بھی فی الحال ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ وہ پیچھے رہ جانے والے کھلاڑیوں کو مکمل یقین دلاتے ہیں کہ پی سی بی کی جانب سے ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا اور اس قرنطینہ کی مدت کے دوران پی سی بی ان کی مکمل نگرانی کرے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ چونکہ ان تمام کھلاڑیوں میں کوئی علامات نہیں تھیں لہذا ان کی جلد مکمل تندرستی کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | وزیر اعظم عمران خان کو بڑے دعوے کرنے کی عادت ہے، بلاول بھٹو
وسیم خان نے بتایا کہ جیسے ہی ان کھلاڑیوں کے ٹیسٹ دو مرتبہ منفی آئیں گے انہیں انگلینڈ ٹیم میں دوبارہ شامل کر لیا جائے گا۔
ان انگلینڈ سیریز کی تیاریوں کےدوران ظفر گوہر ٹیم کا حصہ بنیں گے جبکہ زرائع کے مطابق ظفر گوہر کو صرف میچوں سے قبل تیاریوں کی غرض سے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
مانچسٹر پہنچنے کے بعد قومی ٹیم 14 روز تک قرنطینہ کء مدت پوری کرے گی تاہم یہاں انھیں پریکٹس کرنے ٹریننگ لینے کی اجازت ہو گی۔
دورہ انگلینڈ کی ٹیم میں شامل افراد مندرجہ زیل ہیں: کپتان اظہر علی، نائب کپتان بابر اعظم، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسیٰ خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شا ن مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری، یاسر شاہ
پاکستانی ٹیم کے ساتھ 11 افراد پر مشتمل اسٹاف بھی روانہ ہو رہا ہے جن میں مصباح الحق، یونس خان، مشتاق احمد اور منصور رانا سمیت دیگر شامل ہیں۔
زرائع کے مطابق شعیب ملک کی چوبیس جولائی کو انگلینڈ میں روانگی متوقع ہے۔