ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے اپنے بیٹے سمیت فلسطین جانے اور فلسطینیوں کی طبی مدد کرنے کے لئے ویزا حاصل کرنے کے لئے اپلائی کیا ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے نجی نیوز کو بتایا کہ انہوں نے اسلام آباد میں فلسطین کے سفارتخانے کے پاس ویزا کی درخواست جمع کروائی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی ویزا مل جائے گا۔
انہوں نے اپنے بیٹے سعد ایدھی اور تین دیگر افراد کے
ویزا کے لئے بھی درخواست دی ہے۔ فیصل ایدھی نے مزید کہا کہ وہ مصر کے رستے غزہ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور مصری حکام کی جانب سے بھی ایسا کرنے کی اجازت کے منتظر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | اسرائیل اور غزہ جنگ میں نرمی کا امکان، عالمی برادری کا نوٹس
انہوں نے کہا کہ وہ ایدھی فاؤنڈیشن کے توسط سے فلسطین میں امدادی کاموں میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فاؤنڈیشن نے دوائیوں ، خیموں اور دیگر اشیاء کی خریداری کے لئے 30 ملین روپے کا ابتدائی فنڈ قائم کیا ہے۔ فیصل ایدھی نے لوگوں کو آگے آنے اور چندہ دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن حکومت سے کوئی تعاون نہیں چاہتی۔
اس سے قبل ، فیصل ایدھی نے بھارت کو اپنے عملے کی 50 ایمبولینسوں اور دیگر خدمات کی پیشکش کی تھی جبکہ بھارت کورونا کی دوسری لہر سے نمٹ رہا ہے۔
فیصل ایدھی نے بھارت کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا تھا کہ ایک ہمسایہ دوست کی حیثیت سے ، ہم آپ کے ساتھ بہت ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور اس سخت وقت کے دوران ، ہم آپ کی دیگر خدمات کے ساتھ 50 ایمبولینسوں کے ساتھ مدد کرنا چاہتے ہیں۔